بین الاقوامی
اسلام آباد مذاکرات بغیر نتیجہ ختم ، وینس پاکستان سے روانہ

اسلام آباد: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ ایرانیوں کی جانب سے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی امریکی شرط کو ماننے سے انکار کے بعد امریکہ اور ایران کے بیچ جاری مذاکرات اتوار کی صبح بغیر کسی امن معاہدے کے ختم ہو گئے۔
وینس نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی بات چیت 21 گھنٹوں کے بعد ختم ہوگئی۔ واضح رہے کہ نائب صدر وینس کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور انتظامیہ کے دیگر افراد کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ وینس کے اس بیان سے قبل ٹرمپ نے بھی ایک بیان میں مذاکرات کی ناکامی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو معاہدہ ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ "سادہ حقیقت یہ ہے کہ ہمیں ایران کا مثبت عزم دیکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ جوہری ہتھیار کی جستجو نہیں کریں گے، اور وہ ایسے آلات نہیں بنائیں گے جو انہیں فوری طور پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے قابل بنائیں۔” وینس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ "یہ ریاستہائے متحدہ کے صدر کا بنیادی ہدف ہے اور اسی کو ہم نے ان مذاکرات کے ذریعے حاصل کرنے کی کوشش کی۔”
وینس نے مزید کہا کہ "مجھے لگتا ہے کہ ہم کافی لچکدار تھے اور موافق تھے۔ صدر نے ہم سے کہا تھا کہ آپ کو وہاں نیک نیتی کے ساتھ جانے کی ضرورت ہے اور معاہدہ کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کرنی چاہیے۔” "ہم نے ایسا کیا اور بدقسمتی سے، ہم آگے نہیں بڑھ سکے۔”
وینس نے خصوصی ایلچی سٹیو وٹ کوف اور جیرڈ کشنر کے ساتھ امریکی جھنڈوں کے ایک جوڑے کے سامنے ایک پوڈیم میں بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ٹیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے کیونکہ ہم نیک نیتی سے بات چیت کر رہے تھے۔” ٹرمپ کے ساتھ "گذشتہ 21 گھنٹوں کے دوران ایک ڈیڑھ درجن بار” بات کی اور سیکرٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو، ٹریژری سکریٹری سکاٹ بیسنٹ اور ریاستہائے متحدہ کی مرکزی کمان کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر سے بھی بات کی۔
اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ ” ہم یہاں سے جا رہے ہیں، اور ہم یہاں سے ایک بہت ہی سادہ تجویز دے کر روانہ ہو رہے ہیں اور یہ ہماری ‘آخری اور بہترین پیشکش’ ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ آیا ایرانی اسے قبول کرتے ہیں۔”
ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ دو ہفتوں کے لیے ایران کے خلاف حملے روک دیں گے۔ وینس کے تبصروں میں اس بات کی نشاندہی نہیں کی گئی کہ اس مدت کے ختم ہونے کے بعد کیا ہوگا، جنگ بندی برقرار رہے گی یا جنگ دوبارہ شروع ہو گی۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اتوار کو پاکستان سے روانہ ہو گئے ہیں۔ پول رپورٹ کے مطابق، یہ کہنے کے فوراً بعد کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔
‘غیر معقول’ امریکی مطالبات کی وجہ سے مذاکرات ناکام: ایرانی میڈیا
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے اتوار کے روز کہا کہ امریکہ کے "غیر معقول مطالبات” نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کو ناکام بنا دیا۔
آئی آر آئی بی نے ٹیلی گرام پر کہا کہ "ایرانی وفد نے ایرانی عوام کے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے 21 گھنٹے تک مسلسل اور گہری بات چیت کی۔ ایرانی وفد کی جانب سے مختلف اقدامات کے باوجود، امریکی فریق کے نامعقول مطالبات نے مذاکرات کی پیش رفت کو روک دیا۔”
واضح رہے کہ یہ تاریخی مذاکرات ایسے وقت میں ناکام ہوئے ہیں جب چالیس دنوں کی خونریز جنگ کے بعد یہ کشیدگی ساتویں ہفتے میں داخل ہو گئی ہے۔ اس جنگ میں ہزاروں افراد ہلاک ہو گئے اور عالمی منڈیاں بحران کا شکار ہو گئیں۔ فی الحال دو ہفتوں کی نازک عارضی جنگ بندی جاری ہے۔ مذاکرات کی ناکامی کے بعد اب اس جنگ بندی بھی خطرے میں نظر آ رہی ہے۔