Ad
مضامین

کشمیر میں طویل سرمائی تعطیلات: تعلیمی تسلسل کا متبادل کیا ہے؟

✍️ :. ​عبدالرشید سرشار


​نومبر کا مہینہ اپنے جوبن پر ہے۔ وادیٔ کشمیر میں دن کے اوقات میں چمکیلی اور خوشگوار دھوپ رہتی ہے، جبکہ صبح و شام کی خنکی سردیوں کی آمد کا پتہ دیتی ہے۔ تعلیمی ادارے کھلے ہیں، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ نومبر کے پہلے ہفتے سے ہی والدین، صحافی حضرات اور سول سوسائٹی کے نمائندے مختلف ذرائع سے حکومت کو طویل سرمائی تعطیلات کے اعلان کی یاد دہانی کرانا شروع کر دیتے ہیں۔ دوسری جانب عوامی سرکار بھی اس فکر میں سر جوڑ کر بیٹھ جاتی ہے کہ اس مسئلہ کا حل کیسے نکالیں۔آخری حل یہی ہوتا ہے کہ صحت کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور مرحلہ وار اسکول سرمائی تعطیلات کے لئے بند کئے جاتے ہیں۔​جو  بنیادی سوال کو جنم دیتا ہے کہ کیا برف باری صرف جموں و کشمیر کا مقدر ہے؟ 

حقیقت یہ ہے کہ نصف کرۂ شمالی میں جاپان سے لے کر کینیڈا، روس، ناروے، فن لینڈ اور مشرقی ترکیہ تک متعدد ایسے ممالک ہیں جہاں جموں و کشمیر کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ برف پڑتی ہے اور سردی کی شدت ہڈیوں کا گودا جما دیتی ہے، لیکن وہاں طویل سرمائی چھٹیوں کو  متبادل نہیں سمجھا جاتا ہے۔

​دنیا کے برفیلے ترین آباد شہروں پر نظر دوڑائیں تو حیرت ہوتی ہے۔

 جاپان کے شہر آوموری میں سالانہ اوسطاً چھبیس فٹ اور ساپورو میں سولہ سے انیس فٹ برف گرتی ہے۔ کینیڈا کے شہروں سینٹ جانز، کیوبیک سٹی اور مونٹریال میں آٹھ سے گیارہ فٹ برف باری معمول ہے، جبکہ سائبیریا (روس) کے صنعتی شہروں نوریلسک اور یاقوتسک میں سال کے آٹھ ماہ زمین برف کی چادر اوڑھے رکھتی ہے اور درجہ حرارت منفی پچاس ڈگری تک گر جاتا ہے۔ اسی طرح مشرقی ترکیہ کے صوبوں ارضِ روم اور قارص میں بھی شدید برف باری اور منفی تیس ڈگری تک کی سردی پڑتی ہے۔

​ان تمام ترقی یافتہ اور ترقی پذیر برفیلے ممالک میں بارھویں جماعت تک کا تعلیمی نظام مہینوں تک مفلوج نہیں رہتا۔ وہاں سرمائی تعطیلات محض ایک سے تین ہفتوں کی ہوتی ہیں اور تعلیمی تسلسل برقرار رکھنے کے لیے موسمی تقاضوں کے مطابق عملی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسکولوں کی عمارتیں مکمل انسولیٹڈ (Insulated) ہوتی ہیں اور ان میں سینٹرل ہیٹنگ کا نظام نصب ہوتا ہے، جس سے باہر منفی تیس ڈگری ہونے کے باوجود کمروں کے اندر کا درجہ حرارت معتدل رہتا ہے۔ صبح سویرے اسکولوں کی طرف جانے والی سڑکوں اور پیدل راستوں سے برف ہٹانا بلدیاتی اداروں کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔ اگر کسی روز غیر معمولی برفانی طوفان آ جائے تو صرف اسی دن مقامی سطح پر چھٹی (Snow Day یا ترکیہ میں Kar Tatili) دی جاتی ہے، یا پھر کلاسز کو فوری طور پر آن لائن منتقل کر دیا جاتا ہے۔ مشرقی ترکیہ کے دشوار گزار پہاڑی دیہاتوں کے بچوں کے لیے مفت بورڈنگ اسکول اور سرکاری ٹرانسپورٹ کا نظام موجود ہے، اور شدید سردی میں اسکولوں کے اوقاتِ کار محض تیس سے پینتالیس منٹ مؤخر کر دیے جاتے ہیں۔

​اس عالمی منظرنامے کے برعکس جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیں تو وادی کے میدانی علاقوں میں سالانہ اوسط برف باری محض دو سے پانچ فٹ رہتی ہے اور شدید سردی کا دورانیہ بنیادی طور پر چالیس دن کے "چلہ کلاں" تک محدود ہوتا ہے، جہاں دن کے وقت گہری دھند چھائی رہتی ہے اور درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے رہتا ہے۔  ہمارے ہاں موسمِ سرما سے  مؤثر طور نمٹنے کے بجائے تعلیمی کیلنڈر کو موسم کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور ڈھائی سے تین ماہ کی طویل تعطیلات کو واحد حل مان لیا گیا ہے۔ 

اس کی بنیادی وجہ سرکاری اسکولوں میں حرارتی نظام اور عمارتوں کی انسولیشن کا فقدان ہے، جس کے باعث نومبر اور مارچ میں بھی کمرے یخ بستہ رہتے ہیں۔ اس طویل بندش کا سب سے بڑا نقصان غریب اور متوسط طبقے کے طلبہ کو اٹھانا پڑتا ہے، جبکہ صاحبِ حیثیت والدین انہی سردیوں میں وادی کشمیر سے باہر جاکر بھاری فیسیں ادا کر کے اپنے بچوں کو نجی کوچنگ سینٹرز اور ٹیوشن مراکز میں بھیجتے ہیں۔

​بلاشبہ جموں و کشمیر جیسے محدود وسائل والے خطے سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ جاپان یا کینیڈا کی طرح سڑکوں کے نیچے گرم پانی کے پائپ بچھائے یا ہر گاؤں میں مہنگا مرکزی گیس نظام نصب کرے۔ تاہم، اندھی تقلید کے بجائے کم لاگت اور مقامی وسائل پر مبنی عملی متبادل اپنائے جا سکتے ہیں جن کا ہمارا نظام بخوبی متحمل ہو سکتا ہے۔

​اول، تعطیلات کو پورے تین ماہ تک پھیلانے کے بجائے صرف شدید سردی کے ایام یعنی پچیس دسمبر سے دس فروری (تقریباً چھ ہفتے) تک محدود کیا جائے، جس سے فوری طور پر پینتیس سے چالیس قیمتی تدریسی دن بچائے جا سکتے ہیں۔ دوم، سردیوں میں اسکولوں کے اوقاتِ کار صبح گیارہ بجے سے دوپہر تین بجے تک مقرر کیے جائیں جب سورج کی تمازت موجود ہوتی ہے؛ اس انتظامی فیصلے پر حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوگا۔ سوم، تمام اسکولوں کے بجائے کم از کم ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں یا منتخب "ونٹر کلسٹر سینٹرز" کی عمارتوں کو مقامی لکڑی اور سستی انسولیشن سے محفوظ بنایا جائے اور وہاں بایوماس پیلٹس (Biomass Pellets) سے چلنے والے جدید چولہے نصب کیے جائیں۔ اس کے علاوہ نئی تعمیر ہونے والی اسکول عمارتوں میں لداخ کے "سولر پیسو" (Solar Passive) ڈیزائن کو اپنایا جائے جو بغیر کسی ایندھن کے سورج کی روشنی سے کمروں کو گرم رکھتا ہے۔

​حقیقت یہ ہے کہ ہمارا مسئلہ موسم کی شدت نہیں بلکہ ترجیحات اور منصوبہ بندی کی کمی ہے۔ جب نجی ٹیوشن مراکز انہی سردیوں میں ہزاروں طلبہ کو پڑھا سکتے ہیں، تو مناسب حکمتِ عملی اور اوقاتِ کار میں معمولی لچک پیدا کر کے سرکاری تعلیمی اداروں کو بھی فعال رکھا جا سکتا ہے۔ 

اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اساتذہ، والدین اور اربابِ اختیار طویل چھٹیوں کا مطالبہ کرنے کے بجائے تعلیمی تسلسل برقرار رکھنے کے عملی راستے تلاش کریں، تاکہ ہمارے بچوں کا قیمتی وقت سردیوں کی نذر نہ ہو۔

حالسیڈار ویریناگ 

7006146071



غیر جانبدار اور آزاد صحافت کا ساتھ دیں!


نوکِ قلم نیوز ایک آزاد صحافتی ادارہ ہے جو غیر جانبدار صحافت کا علم بلند کیے ہوئے ہے۔ نازیبا اشتہارات سے اجتناب کرتے ہوئے گوگل اشتہارات بند کر دیے گئے ہیں۔ اب یہ سفر آپ کے تعاون کا محتاج ہے۔ خصوصاً قلم کار حضرات سے گزارش ہے کہ ہفتہ وار یا ماہانہ مالی تعاون کے ذریعے اس مشن کو جاری رکھنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ شکریہ!