Ad
سفر نامہ

اردو میں سفر نامے کی شروعات

✍️ :. ​عبدالرشید سرشار


انسائیکلوپیڈیا آف بریٹانیکا (Encyclopædia Britannica) کے مطابق، سفرنامہ غیر افسانوی نثر کی وہ دلکش ادبی صورت ہے جس میں مصنف اپنے کسی سفر، سیاحت یا غیر مانوس خطوں کے تجربات، مشاہدات اور تاثرات کو قلم بند کرتا ہے۔ اس صنف میں محض مقامات کی جغرافیائی تفصیل ہی نہیں ہوتی، بلکہ سفر کے تسلسل اور مختلف مراحل کے ذریعے مصنف کی اپنی شخصیت، ذہنی کیفیت اور داخلی تجربات کا اظہار بھی شامل ہوتا ہے۔ گویا سفرنامہ محض کسی مقام کا رہنمائے سفر (گائیڈ بک) یا محض جغرافیائی رپورتاژ نہیں، بلکہ حقائق اور ذاتی تاثرات کے حسین امتزاج سے تشکیل پانے والی وہ غیر افسانوی نثر ہے جس میں بیرونی دنیا کی سیر کے ساتھ ساتھ مصنف کے باطنی سفر اور شخصیت کا پرتو بھی نمایاں رہتا ہے۔

​اردو زبان میں سفرنامے کی باقاعدہ روایت کا آغاز انگریزوں کی آمد اور مغربی دنیا سے رابطے کے نتیجے میں ہوا۔

 اردو کا پہلا باقاعدہ مطبوعہ سفرنامہ یوسف خان کمبل پوش کا "عجائباتِ فرنگ" ہے، جو انھوں نے 1837ء میں انگلستان کے سفر کے دوران تحریر کیا اور جو 1847ء میں زیورِ طبع سے آراستہ ہوا۔ اس میں یورپی تہذیب و تمدن کو حیرت کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔ اس کے بعد 1869ء میں سر سید احمد خان کے سفرِ انگلستان کی روداد "مسافرانِ لندن" اردو سفرنامہ نگاری میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی، جس میں محض حیرت کے بجائے مغربی ترقی کے اسباب کا تجزیاتی مطالعہ ملتا ہے۔ آگے چل کر مولوی ذکاء اللہ، خواجہ حسن نظامی اور سید سلیمان ندوی نے اپنے اسفار کی رودادوں کو نہایت سلیس اور دلکش نثر کے قالب میں ڈھالا۔

​بیسویں صدی میں قاضی عبدالغفار کا "نقشِ فرنگ" اور محمود نظامی کا "نظر نامہ" ایسے شاہکار بن کر ابھرے جنھوں نے اردو سفرنامے کو جدید اسلوب عطا کیا۔ خاص طور پر "نظر نامہ" کو جدید اردو سفرنامے کا نقطۂ آغاز تسلیم کیا جاتا ہے، کیونکہ اس میں خارجیت کے ساتھ ساتھ داخلیت، تخیل اور جذباتی تاثرات کی آمیزش نمایاں ہے۔ آزادی کے بعد ذرائع نقل و حمل کی آسانی اور عالمی روابط میں اضافے نے اردو سفرنامے کو بے پناہ وسعت بخشی، اور اس دور میں یہ صنف محض وقائع نگاری یا رپورتاژ سے آگے بڑھ کر ایک مکمل تخلیقی ادب کا درجہ اختیار کر گئی۔

​عام سفرناموں کے برعکس، مذہبی سفرنامے محض جغرافیائی سیاحت یا تفریحی مشاہدات کا بیان نہیں ہوتے، بلکہ ان کے پسِ پشت عقیدت، روحانی وابستگی، تاریخی شعور اور ثقافتی ورثے کی بازیافت کا جذبہ کارفرما ہوتا ہے۔ اردو کے مذہبی سفرناموں کا سب سے بڑا اور مقبول ترین حصہ حج ناموں پر مشتمل ہے۔ حرمین شریفین کی حاضری ہر  مسلمان کی دیرینہ آرزو ہوتی ہے، چنانچہ ہر دور میں ادیبوں، علما اور  زائرین نے اپنے اس روحانی سفر کی کیفیات کو صفحۂ قرطاس پر محفوظ کیا ہے۔

​ابتدائی حج ناموں میں سفر کی صعوبتوں، بحری راستوں، قافلوں کے انتظامات اور مقدس مقامات کے جغرافیائی و تاریخی کوائف پر خاص زور ملتا ہے۔ اس دور کی اہم تصانیف میں نواب سکندر بیگم (والیِ بھوپال) کا "تاریخِ سفرِ مکہ معظمہ" (1863ء)، مولوی رفیع الدین مرادآبادی کا "سفرنامہ حجاز" اور خواجہ حسن نظامی کا "سفرنامہ حجاز و مصر و شام" شامل ہیں۔ سر سید احمد خان کے رفیق نواب وقار الملک اور ڈپٹی نذیر احمد کے اسفارِ حج کے تذکرے بھی اہم تاریخی دستاویزات کی حیثیت رکھتے ہیں۔

​بیسویں صدی میں جو حج نامے لکھے گئے، ان میں محض روداد نویسی کے بجائے اسلامی تاریخ، امتِ مسلمہ کے احوال اور فکری بصیرت نے جگہ لی، جن میں مولانا عبدالماجد دریابادی کا "سفرِ حجاز" اور مولانا ابوالحسن علی ندوی کے اسفارِ عرب اس سلسلے کی روشن کڑیاں ہیں۔ اسی طرح علامہ شبلی نعمانی کا "سفرنامہ روم و مصر و شام" اگرچہ علمی و تعلیمی نوعیت کا تھا، لیکن اس میں مساجد، خانقاہوں اور تاریخی اسلامی آثار کی زیارت کا جذبہ بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ سید ابوالاعلیٰ مودودی رحمۃ اللہ علیہ کا "سفرنامہ ارض القرآن" بھی اس زمرے کی ایک بہترین مثال ہے، جس میں انھوں نے قرآنِ مجید میں مذکور اقوام (عاد، ثمود، مدین، مصر و فلسطین) کے تاریخی مقامات کا عینی مشاہدہ کر کے قرآنی بیانات کی جغرافیائی و تاریخی تصدیق پیش کی ہے۔

​بیسویں صدی کے نصف آخر میں حج ناموں نے خالص ادبی اور تخلیقی صورت اختیار کر لی، جہاں ظاہری مناسک کے ساتھ مسافر کے باطنی تغیرات کو مرکزی حیثیت حاصل ہوئی۔ ممتاز مفتی کا "لبیک" اردو کا سب سے منفرد اور مقبول حج نامہ مانا جاتا ہے، جس میں روایتی تقدس مآب اسلوب کے بجائے ایک بے باک، سچے اور داخلی کشمکش سے گزرتے ہوئے انسان کی کیفیات کو بیان کیا گیا ہے۔ صوفی بیوروکریٹ اور 1940ء کے آئی سی ایس آفیسر قدرت اللہ شہاب کی مشہور کتاب "شہاب نامہ" کے وہ ابواب جو حج اور روضۂ رسول ﷺ کی حاضری سے متعلق ہیں، اردو نثر میں روحانی وارفتگی کا شاہکار ہیں۔ بانو قدسیہ اور اشفاق احمد کے اسفارِ حج کے تذکروں میں تصوف، عجز و انکسار اور باطنی مشاہدے کی گہرائی ملتی ہے۔ مزید برآں، شورش کاشمیری کا "شب جائے کہ من بودم"، مستنصر حسین تارڑ کا "منہ ول کعبے شریف" اور "غارِ حرا میں ایک رات"، اور ڈاکٹر وزیر آغا کے سفری تاثرات بھی اس روایت کو ثروت مند بناتے ہیں۔

​ربِّ کریم کے فضل و کرم سے احقر کو بھی رواں سال فریضۂ حج ادا کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ میں نے اپنی بساط اور مقدور کے مطابق یہ سعی کی  کہ حج فارم پُر کرنے سے لے کر دیارِ حرم کی حاضری اور وطن واپسی تک جن جن مراحل سے گزرنا نصیب ہوا، ان کی تاریخی اہمیت، جغرافیائی پسِ منظر، مذہبی مناسبت اور سنتِ نبوی ﷺ کے پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذاتی تجربات، مشاہدات اور مقدس مقامات کی زیارات کو رپورتاژ اور ادبی پیرائے میں قلم بند کروں۔ لاکھوں حجاجِ کرام کے اس عظیم الشان سمندر میں جن گنتی کے چند زائرین اور رفقائے سفر کے ساتھ ہمارا سابقہ پڑا، ان کی یادوں اور انسانی رویوں کی بازگشت بھی اس سفرنامے میں سمونے کی ادنیٰ سی کوشش کی گئی ہے۔

حالسیڈار، ویریناگ

رابطہ: 7006146071



غیر جانبدار اور آزاد صحافت کا ساتھ دیں!


نوکِ قلم نیوز ایک آزاد صحافتی ادارہ ہے جو غیر جانبدار صحافت کا علم بلند کیے ہوئے ہے۔ نازیبا اشتہارات سے اجتناب کرتے ہوئے گوگل اشتہارات بند کر دیے گئے ہیں۔ اب یہ سفر آپ کے تعاون کا محتاج ہے۔ خصوصاً قلم کار حضرات سے گزارش ہے کہ ہفتہ وار یا ماہانہ مالی تعاون کے ذریعے اس مشن کو جاری رکھنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ شکریہ!