جموں و کشمیر
نیشنل نیوز چینل نے عام کشمیری کو ملی ٹنٹ قرار دے کر پیش کیا، غلط رپورٹنگ سے پورا خاندان پریشان

نیشنل میڈیا کی جانب سے مبینہ طور پر غیر مصدقہ خبروں کے ذریعے کشمیریوں کی شناخت کو مشکوک بنانے کے واقعات کوئی نئی بات نہیں، تاہم ایسا ہی ایک تازہ معاملہ کولگام حملے کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں نیوز 18 انڈیا نے ایک عام کشمیری شہری کی تصویر کو مبینہ طور پر ملی ٹنٹ کے طور پر استعمال کیا، جس کے بعد متاثرہ شہری اور اس کا پورا خاندان شدید پریشانی میں مبتلا ہو گیا ہے۔
کولگام کے نوپورہ اکھرن علاقے میں حالیہ ملی ٹنٹ حملے کے دوران سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد کولگام سمیت وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی سخت کر دی گئی اور متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا۔
اسی دوران نیوز 18 انڈیا نے اپنے یوٹیوب چینل پر کولگام حملے سے متعلق ایک ویڈیو کے تھمب نیل میں ایک عام کشمیری شہری کی تصویر استعمال کی، جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ مذکورہ شخص کا تعلق ملی ٹنسی سے ہے۔ متاثرہ شہری کی شناخت محمد لطیف احمد بٹ کے طور پر ہوئی ہے، جن کا تعلق ضلع بانڈی پورہ سے ہے۔
متاثرہ شہری نے نیوز 18 انڈیا کے اس اقدام پر سخت اعتراض کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ صحافت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھ رہے تھے کہ اسی دوران ان کی نظر نیوز 18 انڈیا کی ایک ویڈیو کے تھمب نیل پر پڑی، جو کولگام حملے سے متعلق تھا۔ تھمب نیل میں اپنی تصویر دیکھ کر وہ حیران اور پریشان رہ گئے، کیونکہ ان کے مطابق ان کی تصویر کو ایک حساس واقعے کے ساتھ اس انداز میں جوڑا گیا تھا جس سے ان کی شناخت ملی ٹنسی سے وابستہ ہونے کا تاثر ملتا ہے۔
متاثرہ شہری نے سوال اٹھایا کہ کسی بھی میڈیا ادارے کو یہ حق کس نے دیا ہے کہ وہ بغیر تصدیق اور اجازت کے کسی عام شہری کی تصویر کو دہشت گردانہ حملے سے جوڑ کر پیش کرے؟ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک عام شہری ہیں اور اس طرح کی غلط رپورٹنگ سے ان کی ساکھ اور ذاتی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ وہ اکثر جموں و کشمیر سے باہر سفر کرتے ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی شخص ان کی تصویر دیکھ کر انہیں ملی ٹنسی میں ملوث سمجھ لے تو ان کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس واقعے کے بعد ان کا پورا خاندان شدید ذہنی دباؤ، خوف اور پریشانی کا شکار ہے۔
متاثرہ شہری نے نیوز 18 انڈیا سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ویڈیو کے تھمب نیل اور دیگر سوشل میڈیا پوسٹس سے ان کی تصویر فوری طور پر ہٹائی جائے، اس معاملے پر عوامی سطح پر وضاحت پیش کی جائے اور ان سے غیر مشروط معافی مانگی جائے۔
دوسری جانب وادی کشمیر کے متعدد سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس معاملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نیوز 18 انڈیا کے اقدام کی مذمت کی ہے۔