مضامین
کہ ہم سے نا ہو پائے گا!

رابطہ: 7006857283
زندگی میں کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے پاس نہ کسی کے خلاف کوئی خفیہ منصوبہ ہوتا ہے، نہ کسی کی خوشیوں کو ماتم میں بدلنے کی خواہش، نہ کسی کی کامیابی سے کوئی پرخاش اور نہ ہی دوسروں کی زندگیوں میں جھانک کر ان کے عیب تلاش کرنے کا کوئی مشغلہ۔ وہ خاموشی سے جیتے ہیں، اپنے حصے کی دھوپ میں بیٹھتے ہیں، اپنی چھوٹی چھوٹی خوشیوں سے دل بہلاتے ہیں اور دوسروں کے حصے کا سکون چھیننے کی کوشش نہیں کرتے۔ مجھے ایسے ہی لوگ پسند ہیں۔
عجیب زمانہ آگیا ہے! اب انسان کا انسان کے ساتھ رہنا بھی ایک باقاعدہ حکمتِ عملی کا محتاج دکھائی دیتا ہے۔ تعلقات میں خلوص سے زیادہ مصلحت، گفتگو میں محبت سے زیادہ مفاد اور مسکراہٹوں میں اپنائیت سے زیادہ حساب کتاب نظر آنے لگا ہے۔ بعض لوگ کسی سے ملتے ہیں تو ان کے ذہن میں محبت کے بجائے امکانات کی فہرست ہوتی ہے؛ کون کس کام آسکتا ہے، کس سے کیا حاصل کیا جاسکتا ہے اور کس کی غیر موجودگی میں اس کے خلاف کیا کچھ کہا جاسکتا ہے۔ بظاہر یہ لوگ بڑے ملنسار، خوش اخلاق اور خیرخواہ دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان کے باطن میں لفظوں، رویوں اور تعلقات کی ایک الگ ہی دنیا آباد ہوتی ہے۔
مجھے کبھی کبھی حیرت ہوتی ہے کہ آخر کسی دوسرے انسان کو نیچا دکھانے کے لیے اتنی توانائی کہاں سے آتی ہے؟ کسی کی ترقی سے بے چین ہونا، کسی کی خوشی میں نقص تلاش کرنا، کسی کے گھر کی رونق سے پریشان ہونا، کسی کے تعلقات میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کرنا اور پھر خود کو نہایت شریف، مخلص اور بے ضرر ثابت کرنا؛ یہ سب کرتے ہوئے انسان اپنے اندر کے انسان سے کیسے نظریں ملا لیتا ہوگا؟
شاید ہم نے زندگی کو ضرورت سے زیادہ پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اب کسی کا اچھا ہونا بھی بعض لوگوں کو کھٹکتا ہے۔ کوئی خاموشی سے اپنا کام کررہا ہو، اپنے بچوں کی تربیت میں مصروف ہو، اپنے گھر کے مسائل سے لڑ رہا ہو، اپنی محنت سے روزی کما رہا ہو یا اپنی محدود آمدنی میں خوشیوں کے چند لمحے تلاش کررہا ہو، تب بھی کچھ نگاہیں اس کے سکون کا تعاقب کرتی رہتی ہیں۔ انہیں اس بات سے غرض نہیں ہوتی کہ کسی کے پاس کتنا ہے، انہیں صرف یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ دوسرے کے پاس ان سے زیادہ کیوں ہے۔
حالاں کہ زندگی کوئی مقابلے کا میدان نہیں جہاں ہر شخص کو دوسرے سے آگے نکلنا ضروری ہو۔ ہر انسان کا سفر الگ ہے، اس کی منزلیں الگ ہیں، اس کے دکھ الگ ہیں اور اس کی خوشیوں کے پیمانے بھی الگ ہیں۔ کسی کے پاس بڑی گاڑی ہے تو کسی کے پاس اپنے والدین کی دعائیں،کوئی بڑے مکان میں رہتا ہے تو کوئی چھوٹے سے گھر میں بے فکری کی نیند سوتا ہے۔ کسی کے پاس دولت کی فراوانی ہے تو کسی کے پاس چند ایسے مخلص رشتے ہیں جنہیں وہ دنیا کی تمام دولت کے عوض بھی کھونا نہیں چاہتا۔
اصل امیری شاید یہی ہے کہ انسان اپنے حصے کی زندگی سے مطمئن ہو۔
مجھے وہ لوگ اچھے لگتے ہیں جو کسی کی غیر موجودگی میں اس کی عزت کا خیال رکھتے ہیں۔ جو محفل میں کسی کے عیب بیان کرکے اپنی شخصیت کا قد بلند نہیں کرتے۔ جو اختلاف رکھتے ہیں مگر دلوں میں نفرت نہیں پالتے۔ جو کسی سے ناراض ہوں تو اس سے فاصلہ اختیار کرلیتے ہیں، مگر اس کی زندگی برباد کرنے کے منصوبے نہیں بناتے۔ جو کسی کی کامیابی پر دل سے مبارک باد دے سکتے ہیں اور کسی کی ناکامی پر اس کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے بجائے خاموشی سے اس کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔
ایسے لوگ شاید بہت زیادہ نمایاں نہیں ہوتے۔ نہ انہیں ہر محفل میں اپنی موجودگی کا احساس دلانے کی ضرورت ہوتی ہے، نہ ہر گفتگو میں اپنی برتری ثابت کرنے کا شوق۔ وہ اپنی ذات کے شور سے زیادہ اپنے کردار کی خاموشی پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے پاس دکھانے کے لیے بہت کچھ نہیں ہوتا، لیکن ان کے ہونے سے دوسروں کو ایک عجیب سا اطمینان ضرور ملتا ہے۔
اور شاید یہی وہ وصف ہے جو کسی انسان کو خوب صورت بناتا ہے۔
ہم اکثر اپنی زندگی میں ایسے لوگوں کو تلاش کرتے ہیں جو ہمارے کام آئیں، ہمارے مفادات کا خیال رکھیں، ہماری تعریف کریں اور ہماری خواہشات کے مطابق چلیں۔ لیکن شاید ہمیں کبھی ان لوگوں کی قدر کرنا بھی سیکھنا چاہیے جو ہمارے لیے کچھ کرنے کا دعویٰ نہیں کرتے، بس ہمارے لیے برا نہیں سوچتے۔ جو ہماری خوشیوں میں شریک نہ بھی ہوسکیں تو کم از کم انہیں خراب کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔ جو ہمارے راستے میں دیوار نہیں بنتے، خواہ ہمارے ساتھ چلنے کی استطاعت نہ رکھتے ہوں۔
یہ بھی کسی نعمت سے کم نہیں۔
مجھے لگتا ہے کہ انسان کی شخصیت کا اصل امتحان اس وقت ہوتا ہے جب اسے کسی دوسرے کو نقصان پہنچانے کا موقع میسر ہو، مگر وہ ایسا نہ کرے۔ جب اسے کسی کی کمزوری معلوم ہو، مگر وہ اسے ہتھیار نہ بنائے۔ جب اسے کسی کا راز معلوم ہو، مگر وہ اسے اپنی گفتگو کا موضوع نہ بنائے۔ جب وہ کسی سے اختلاف رکھتا ہو، مگر اس اختلاف کو دشمنی میں تبدیل نہ ہونے دے۔
کیونکہ شریف ہونا صرف نرم لہجے میں بات کرنے کا نام نہیں، بلکہ اس وقت بھی شرافت کا دامن تھامے رکھنے کا نام ہے جب کوئی آپ کے سامنے موجود نہ ہو اور آپ کے پاس اس کے خلاف بہت کچھ کہنے کا موقع ہو۔
ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر خاموش انسان کمزور نہیں ہوتا، ہر سادہ مزاج شخص بے خبر نہیں ہوتا اور ہر وہ شخص جو سازشوں میں شریک نہیں ہوتا، ضروری نہیں کہ اسے دنیا کے طور طریقوں کا علم نہ ہو۔ بعض لوگ سب کچھ سمجھتے ہیں، لوگوں کے رویے بھی پڑھتے ہیں، چہروں کے پیچھے چھپے ارادوں کو بھی پہچانتے ہیں، مگر وہ اپنی طبیعت کو ان آلائشوں سے آلودہ کرنا پسند نہیں کرتے۔ وہ جانتے ہیں کہ ہر جنگ لڑنا ضروری نہیں اور ہر شخص کو جواب دینا بھی لازم نہیں۔
کبھی کبھی خاموشی کسی کی بے بسی نہیں بلکہ اس کے ظرف کی آخری حد ہوتی ہے۔
زندگی ویسے بھی بہت مختصر ہے۔ جانے کتنے موسم دیکھنے ہیں، کتنے لوگ بچھڑنے ہیں، کتنے خواب ادھورے رہنے ہیں اور کتنی خواہشیں وقت کی گرد میں کہیں گم ہوجانی ہیں۔ ایسے میں اگر انسان اپنی تھوڑی سی مہلت بھی دوسروں کو گرانے، ان کے خلاف منصوبے بنانے، نفرتیں پھیلانے اور تعلقات میں زہر گھولنے میں صرف کردے تو اس سے بڑا المیہ کیا ہوگا؟
کیا یہ بہتر نہیں کہ ہم کسی کے لیے آسانی بنیں؟ کسی کے تھکے ہوئے دن میں ایک اچھی بات کہہ دیں، کسی کی کامیابی پر دل سے خوش ہوجائیں، کسی کی پریشانی میں اس کا حوصلہ بن جائیں اور اگر کسی کے لیے کچھ اچھا نہیں کرسکتے تو کم از کم اس کے لیے برا کرنے سے خود کو روک لیں۔
میری نظر میں یہ بھی ایک بڑی نیکی ہے۔
انسان کی عظمت اس بات میں نہیں کہ اس نے زندگی میں کتنے لوگوں کو اپنے سے نیچے رکھا، بلکہ اس میں ہے کہ اس کے وجود سے کتنے لوگوں کو سکون ملا۔
✍🏼 اِکز اِقبال ایک معلم، کالم نگار اور سماجی مبصر ہیں اور مریم میموریل انسٹیٹیوٹ پنڈت پورا قاضی آباد میں پرنسپل ہے۔
ای میل: ikkzikbal@gmail.com