Ad
تبصرہ کُتب

تم بھی ایک صحابیہ ہو! عورت کے احساس، کردار اور عظمت کا ایک بھولا ہوا باب

✍️ :. پیر ڈاکٹر آزاد احمد شاہ


کبھی کسی کتاب کا عنوان ہی انسان کو اپنے اندر جھانکنے پر مجبور کردیتا ہے۔ کبھی چند الفاظ دل کے کسی ایسے گوشے پر دستک دیتے ہیں جہاں برسوں سے کوئی آواز نہیں پہنچی ہوتی۔ ادہم شرقاوی کی کتاب ’’أنتِ أيضاً صحابية‘‘، یعنی ’’تم بھی ایک صحابیہ ہو‘‘ کا عنوان بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ پہلی نظر میں یہ چند الفاظ کا ایک مختصر سا جملہ ہے، لیکن ذرا ٹھہر کر سوچیے تو اس کے اندر ایک پوری تاریخ، ایک تہذیب، ایک دعوت اور عورت کے وجود سے متعلق ایک بڑا سوال پوشیدہ ہے۔ کیا آج کی عورت بھی صحابیات جیسی ہوسکتی ہے؟ کیا وہ بھی اپنے کردار سے تاریخ کے صفحات میں کوئی روشن باب رقم کرسکتی ہے؟ ظاہر ہے کہ صحابیت کا وہ عظیم تاریخی شرف کسی کو حاصل نہیں ہوسکتا، لیکن کیا حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی وفا، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا علم، حضرت سمیہ رضی اللہ عنہا کی استقامت، حضرت اسماء رضی اللہ عنہا کی جرأت اور حضرت نسیبہ رضی اللہ عنہا کی قربانی آج کی عورت کے لیے نمونہ نہیں بن سکتیں؟ یہی وہ احساس ہے جو اس کتاب کے مطالعے کے دوران بار بار دل میں ابھرتا ہے۔ کتاب کے سرورق پر مصنف ادہم شرقاوی کا نام ہے، جبکہ اس کا اردو ترجمہ ’’نقوشِ صحابیات‘‘ کے ذیلی عنوان کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ فہرستِ مضامین پر نظر ڈالنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ محض صحابیات کے تاریخی واقعات کا مجموعہ نہیں، بلکہ عورت کی شخصیت، اس کے جذبات، اس کے گھریلو مسائل، اس کے حقوق اور اس کی معاشرتی ذمہ داریوں کا ایک وسیع مطالعہ ہے۔ مصنف کہیں عورت کو اس کی اپنی نگاہ سے خود کو دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں، کہیں اسے نصف معاشرہ ہونے کا احساس دلاتے ہیں، کہیں احسان فراموشی پر متوجہ کرتے ہیں، کہیں گھر اور خاندان کی اہمیت سمجھاتے ہیں اور کہیں ماں، بیٹی اور بیوی کے رشتوں کی نزاکتوں کو موضوع بناتے ہیں۔ بعض عنوانات ایسے ہیں کہ انسان کتاب کھولنے سے پہلے ہی سوچنے لگتا ہے کہ آخر ان کے اندر کون سا درد اور کون سا سبق پوشیدہ ہوگا۔ ’’اپنے تیوروں کی کاٹ کو کم کرو‘‘ جیسا عنوان محض ایک نصیحت نہیں، بلکہ ان گھروں کی تصویر ہے جہاں کبھی ایک تلخ جملہ برسوں کی محبت کو زخمی کردیتا ہے۔ ’’احسان بمقابلہ احسان‘‘ انسان کو اپنے رویوں کا محاسبہ کرنے پر مجبور کرتا ہے۔ ’’ماں کی بددعا‘‘ ایک ایسا موضوع ہے جس کے تصور سے ہی دل کانپ اٹھتا ہے۔ اور ’’تم بھی ایک صحابیہ ہو‘‘ گویا عورت کو اس کے کھوئے ہوئے اعتماد، اس کی عظمت اور اس کی ذمہ داری کی یاد دہانی کراتا ہے۔ کتاب کے یہ موضوعات بتاتے ہیں کہ مصنف عورت کو محض ایک رشتے کے حوالے سے نہیں دیکھتے، بلکہ اس کی مکمل شخصیت سے گفتگو کرتے ہیں۔ وہ عورت جو کبھی ماں بن کر نسلوں کی تربیت کرتی ہے، کبھی بیٹی بن کر گھر کی رونق ہوتی ہے، کبھی بیوی بن کر کسی مرد کی زندگی کا سکون بنتی ہے اور کبھی بہن بن کر محبت اور خلوص کا استعارہ بن جاتی ہے۔ کتنی عجیب بات ہے کہ ہم عورت کے ان تمام رشتوں سے فائدہ تو اٹھاتے ہیں، لیکن کبھی اس کے اپنے احساسات، اس کی خاموش قربانیوں اور اس کے اندر چھپی ہوئی خواہشات کو سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے۔

اس کتاب کے مطالعے کے دوران بار بار سیرتِ صحابیات کے وہ روشن مناظر آنکھوں کے سامنے آتے ہیں جنہوں نے اسلام کی تاریخ کو اپنے ایمان اور کردار سے منور کیا۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو دیکھیے! جب پہلی وحی کے بعد رسول اللہ ﷺ گھر تشریف لائے تو ایک پریشان حال شوہر کے لیے تسلی، محبت اور اعتماد کا پہلا سہارا ایک عورت بنی۔ انہوں نے صرف یہ نہیں کہا کہ آپ فکر نہ کریں، بلکہ اپنے الفاظ سے آپ کی پوری زندگی کی گواہی دے دی۔ فرمایا: كَلَّا وَاللَّهِ مَا يُخْزِيكَ اللَّهُ أَبَدًا۔ اللہ کی قسم! اللہ آپ کو کبھی رسوا نہیں کرے گا۔ اس کے بعد آپ کے اخلاق، صلہ رحمی، محتاجوں کی مدد اور حق کے کاموں میں تعاون کا ذکر کیا۔ ذرا سوچیے! کسی انسان کو اس سے بڑا حوصلہ کیا مل سکتا ہے کہ اس کے مشکل ترین وقت میں کوئی اس کے کردار کی گواہی بن کر کھڑا ہوجائے؟ پھر حضرت سمیہ رضی اللہ عنہا کا تصور کیجیے۔ مکہ کی تپتی ہوئی ریت، ظلم کی انتہا، جسم پر اذیتوں کے پہاڑ اور سامنے موت، لیکن ایمان کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں۔ وہ اسلام کی پہلی شہیدہ بن گئیں، مگر اپنے عقیدے کی حرمت پر آنچ نہ آنے دی۔ حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہا کی جرأت اور قربانی بھی کس قدر حیرت انگیز ہے! ہجرت کے نازک موقع پر رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ تک کھانے پینے کا سامان پہنچانا، دشمنوں کے خطرات برداشت کرنا اور اپنے کمر بند کے دو ٹکڑے کرکے زادِ راہ باندھنا، یہ کسی معمولی حوصلے کی بات نہیں تھی۔ اسی لیے وہ ذات النطاقین کہلائیں۔ اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا! جن کے علم و فضل کے سامنے بڑے بڑے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بھی مسائل دریافت کرنے کے لیے حاضر ہوتے تھے۔ ان شخصیات کو یاد کرتے ہوئے ایک سوال دل میں اٹھتا ہے کہ آخر ہم نے اپنی بیٹیوں کے سامنے کامیابی کے نمونے کیا رکھے ہیں؟ کیا ہم انہیں صرف دنیا کی دوڑ میں آگے نکلنے کی تربیت دے رہے ہیں یا ان کے اندر ایمان، حیا، علم، وفا اور ایثار کی صفات بھی پیدا کررہے ہیں؟ ہم ان کے لباس، تعلیم، شادی اور مستقبل کے لیے تو فکرمند رہتے ہیں، لیکن کیا کبھی ان کے دل کی دنیا آباد کرنے کی بھی کوشش کرتے ہیں؟ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری بیٹیاں کامیاب ہوں، مگر کیا ہم چاہتے ہیں کہ وہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی طرح علم والی، حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی طرح وفادار اور حضرت سمیہ رضی اللہ عنہا کی طرح اپنے اصولوں پر ثابت قدم بھی ہوں؟ قرآن مجید نے عورت اور مرد دونوں کی روحانی کامیابی کا معیار ایک ہی بیان کیا ہے إِنَّ الْمُسْلِمِينَ وَالْمُسْلِمَاتِ وَالْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ وَالْقَانِتِينَ وَالْقَانِتَاتِ وَالصَّادِقِينَ وَالصَّادِقَاتِ وَالصَّابِرِينَ وَالصَّابِرَاتِ... أَعَدَّ اللَّهُ لَهُم مَّغْفِرَةً وَأَجْرًا عَظِيمًا یعنی مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں، مومن مرد اور مومن عورتیں، فرمانبردار مرد اور فرمانبردار عورتیں، سچ بولنے والے مرد اور سچ بولنے والی عورتیں، صبر کرنے والے مرد اور صبر کرنے والی عورتیں، سب کے لیے اللہ تعالیٰ نے مغفرت اور عظیم اجر تیار کر رکھا ہے۔ اس آیت میں عورت کے لیے ایک بڑا پیغام ہے کہ اللہ کے ہاں اس کی کامیابی کا راستہ اس کے ایمان، اخلاص، تقویٰ اور نیک اعمال سے وابستہ ہے۔ عورت کو اگر اس کا حقیقی مقام سمجھنا ہو تو اسے اپنی تاریخ کے ان روشن کرداروں کو پڑھنا ہوگا، اور مرد کو اگر عورت کی عظمت سمجھنی ہو تو اسے بھی ان پاکیزہ زندگیوں کا مطالعہ کرنا ہوگا۔

اس کتاب کی ایک قابلِ قدر خوبی یہ بھی ہے کہ اس کے موضوعات محض تاریخی واقعات کے گرد نہیں گھومتے، بلکہ موجودہ معاشرتی زندگی کے ان مسائل کو بھی چھوتے ہیں جن سے ہمارے گھر روزانہ دوچار ہوتے ہیں۔ ایک گھر صرف اینٹوں، دیواروں اور چھت سے نہیں بنتا؛ اسے محبت، برداشت، احترام، احسان شناسی اور ایک دوسرے کے احساسات کا خیال رکھنے سے گھر بنایا جاتا ہے۔ کبھی بیوی کے ایک تلخ جملے سے شوہر کا دل ٹوٹ جاتا ہے، کبھی شوہر کی بے توجہی بیوی کی آنکھوں میں خاموش آنسو بن کر اترتی ہے، کبھی اولاد والدین کی قربانیوں کو فراموش کردیتی ہے اور کبھی والدین اپنی اولاد کے احساسات کو سمجھنے میں ناکام رہتے ہیں۔ ایسے میں گھر کو جنت بنانے کے لیے صرف نصیحتیں کافی نہیں ہوتیں، بلکہ اپنے مزاج، اپنی زبان اور اپنے رویوں کی اصلاح بھی ضروری ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کتاب کے بعض عنوانات اپنے اندر ایک مکمل معاشرتی سبق رکھتے ہیں۔ یہاں یہ ذکر بھی ضروری ہے کہ اس عربی کتاب کو اردو خواں قارئین تک پہنچانے کا قابلِ قدر کام مفتی صابر محمود صاحب نے انجام دیا ہے  جبکہ اس کی اشاعت اور طباعت کا اہتمام نگارشات بک اسٹور، دیوبند نے کیا ہے۔ ان دونوں حضرات اور ادارے کی خدمت لائقِ تحسین ہے کہ انہوں نے ایک اہم فکری و اصلاحی تحریر کو اردو زبان کے قارئین تک پہنچانے کی کوشش کی۔ اصل مصنف ادہم شرقاوی نے جس موضوع کو عربی زبان میں پیش کیا، مترجم نے اسے اردو کے قالب میں منتقل کرکے ایک نئے حلقۂ قارئین کے لیے قابلِ مطالعہ بنایا۔ بلاشبہ ترجمہ محض الفاظ کی تبدیلی نہیں، بلکہ ایک فکر اور احساس کو دوسری زبان کے دل تک پہنچانے کا نام ہے۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس کتاب کو محض ایک خوب صورت عنوان والی کتاب سمجھ کر الماری کی زینت نہ بنائیں، بلکہ اس کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں جگہ دیں۔ عورت کو اس کے مقام کا احساس دلائیں، اس کے حقوق ادا کریں، اس کی صلاحیتوں کو تسلیم کریں اور اس کی دینی و اخلاقی تربیت کا اہتمام کریں۔ آخر میں کتاب کا عنوان پھر ذہن میں گونجتا ہے أنتِ أيضاً صحابية گویا کسی بیٹی سے کہا جارہا ہو کہ تم بھی اپنے کردار سے روشنی پھیلا سکتی ہو، کسی ماں سے کہا جارہا ہو کہ تمہاری گود بھی ایک نسل کی تقدیر بدل سکتی ہے، کسی بیوی سے کہا جارہا ہو کہ تمہاری وفا ایک گھر کو سکون کا گہوارہ بنا سکتی ہے، اور کسی بہن سے کہا جارہا ہو کہ تمہارا علم، تمہاری حیا اور تمہاری محبت معاشرے کی تعمیر میں حصہ ڈال سکتی ہے۔ ہاں! تم صحابیہ نہیں بن سکتیں، مگر صحابیات کی سیرت کو اپنی زندگی میں زندہ ضرور کرسکتی ہو۔ کاش ہماری بیٹیاں اپنے چہروں کے ساتھ اپنے کردار کو بھی سنوارنے کی فکر کریں، ہماری مائیں اپنی گودوں کو ایمان کی درس گاہ بنائیں اور ہمارے گھر محبت، وفا، ایثار اور احترام کے مراکز بن جائیں۔ کیونکہ چہرے وقت کے ساتھ بدل جاتے ہیں، لباس پرانے ہوجاتے ہیں، دولت ہاتھ سے نکل جاتی ہے اور شہرت مٹ جاتی ہے، لیکن ایمان سے روشن کردار کی خوشبو نسلوں تک باقی رہتی ہے۔



غیر جانبدار اور آزاد صحافت کا ساتھ دیں!


نوکِ قلم نیوز ایک آزاد صحافتی ادارہ ہے جو غیر جانبدار صحافت کا علم بلند کیے ہوئے ہے۔ نازیبا اشتہارات سے اجتناب کرتے ہوئے گوگل اشتہارات بند کر دیے گئے ہیں۔ اب یہ سفر آپ کے تعاون کا محتاج ہے۔ خصوصاً قلم کار حضرات سے گزارش ہے کہ ہفتہ وار یا ماہانہ مالی تعاون کے ذریعے اس مشن کو جاری رکھنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ شکریہ!