کتاب: "رسائل من القرآن" (قرآنی معلومات)
- noukeqalam
- 189
- 31 Oct 2024
کتاب: "رسائل من القرآن" (قرآنی معلومات)
مصنف: ادھم شرقاوی
اردو ترجمہ: ابو الاعلیٰ سید سبحانی
✍️ :..... قیصر احمد لون
"رسائل من القرآن" ایک ایسی کتاب ہے جو قاری کو قرآن کے اندر چھپے گہرے پیغامات اور حکمتوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ادھم شرقاوی کی یہ تصنیف ایک منفرد انداز میں لکھی گئی ہے، جہاں وہ قرآن کی آیات کو عام زندگی کے تجربات اور واقعات کے ساتھ جوڑ کر سمجھاتے ہیں۔کتاب میں انفرادی اور معاشرتی مسائل پر روشنی ڈالی گئی ہے،اور قرآن کے الفاظ کو عملی زندگی کے مسائل کا حل سمجھا گیا ہے۔
اردو ترجمہ جسے ابو الاعلیٰ سید سبحانی نے کیا ہے، نہایت شاندار اور سلیس ہے۔ مترجم نے ادھم شرقاوی کے خیالات کو نہایت خوبصورتی سے اردو زبان میں منتقل کیا ہے۔ ترجمہ ایسا ہے کہ پڑھنے والا محسوس کرتا ہے کہ جیسے یہ تحریر اصل میں اردو میں ہی لکھی گئی ہو۔
کتاب کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یہ قاری کو قرآن سے محبت اور اس کے مطالعہ کی ترغیب دیتی ہے۔ ادھم شرقاوی نے بڑی مہارت سے قرآن کی تعلیمات کو جدید دور کے مسائل کے ساتھ منسلک کیا ہے، اور قاری کو یہ احساس دلایا ہے کہ قرآن ہر دور کے لیے ایک زندہ اور جامع کتاب ہے۔اس کتاب کو پڑھتے ہوئے ذہن بالکل تھکتا نہیں بلکہ تھکا ہوا ذہن بھی اس کتاب کے چند جملے پڑھ کر تازہ دم ہو جاتا ہے اور دینی غیرت و حمیت سے سرشار ہو جاتا ہے۔
مجھے ذاتی طور پر اس کتاب کا مطالعہ بہت مفید لگا بفضلہ تعالیٰ، محض تین دنوں میں 288 صفحوں پر مشتمل کتاب مکمل ہوئی۔ الحمدللہ کتاب کی دلچسپی کا قارئین کو اس بات سے اندازہ ہو گا کہ جب میں نے اس کتاب کا مطالعہ کرنا شروع کیا چند طلبہ کی نظروں سے یہ کتاب گزری جنہیں بہت پسند آئی الحمدللہ اس ناچیز کی سعادت سے اب تک یہ کتاب 8 طلبہ نے خرید لی ہیں، جن میں دو نے مکمل بھی کر لی اندازہ لگاؤ کہ یہ کتاب نہ صرف روحانیت کو تقویت دینے والی ہے بلکہ عملی زندگی میں رہنمائی فراہم کرنے والی بھی ہے۔
اللہ پاک مصنفین کو جزائے خیر عطا فرمائے.