Ad
جموں و کشمیر

کولگام میں سی آر پی ایف پوسٹ پر حملہ: متعدد مشتبہ افراد پوچھ گچھ کے لیے حراست میں

رضوان سلطان / نوکِ قلم 

جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں سی آر پی ایف کی ایک پوسٹ پر نامعلوم ملی ٹینٹوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ پولیس نے متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا ہے، جبکہ کولگام کے مختلف دیہات میں مسلسل تلاشی آپریشن جاری ہے۔ اس حملے میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

آج  مسلسل تیسرے روز بھی کولگام کے مختلف علاقوں میں تلاشی آپریشن جاری رہا۔ اس دوران متعدد دیہات میں رہائشی مکانات، باغات اور دیگر مشتبہ مقامات کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔

اطلاعات کے مطابق اکھرن، نوپورہ، زنگل پورہ اور کیلم گنڈ سمیت کئی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران سراغ رساں کتوں کی بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے تاکہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت اور ممکنہ ٹھکانوں کا سراغ لگایا جا سکے۔

حکام کے مطابق مختلف مقامات پر ناکے قائم کیے گئے ہیں، جبکہ اہم سڑکوں پر بکتر بند گاڑیاں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر گاڑیوں کی تلاشی اور مسافروں کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔ آپریشن کو مؤثر بنانے کے لیے انسانی اور تکنیکی انٹیلی جنس سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔

ادھر حملے کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے اپنے ہاتھ میں لے لی ہیں۔ این آئی اے کی ایک ٹیم نے جمعرات کو جائے واردات کا دورہ کرکے اہم شواہد جمع کیے، جنہیں فرانزک جانچ کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیاں حملہ آوروں کی شناخت، ان کے فرار ہونے کے راستے اور اس حملے کے گزشتہ واقعات سے ممکنہ تعلق کا پتہ لگانے میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے اشارہ ملا ہے کہ 11 نومبر کو پیش آئے اس حملے میں تین ملی ٹنٹ ملوث تھے، جن میں دو کے غیر ملکی جنگجو ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور تقریباً 50 میٹر دور دلدلی علاقے سے پیدل چل کر سی آر پی ایف چوکی کے قریب پہنچے اور وہاں تعینات اہلکاروں پر اے کے 47 رائفلوں سے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور قریبی درختوں اور جھاڑیوں کا سہارا لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تحقیقاتی ٹیم علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ حملہ آوروں کی نقل و حرکت اور فرار کے راستے کا پتہ لگایا جا سکے۔



غیر جانبدار اور آزاد صحافت کا ساتھ دیں!


نوکِ قلم نیوز ایک آزاد صحافتی ادارہ ہے جو غیر جانبدار صحافت کا علم بلند کیے ہوئے ہے۔ نازیبا اشتہارات سے اجتناب کرتے ہوئے گوگل اشتہارات بند کر دیے گئے ہیں۔ اب یہ سفر آپ کے تعاون کا محتاج ہے۔ خصوصاً قلم کار حضرات سے گزارش ہے کہ ہفتہ وار یا ماہانہ مالی تعاون کے ذریعے اس مشن کو جاری رکھنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ شکریہ!