افسانہ
ایک نسخہ، ہزار مجبوریاں.... افسانہ

’’بابا! آج پھر طبیعت ٹھیک نہیں ہے کیا؟‘‘
’’نہیں بیٹا، بس ذرا کمزوری ہے۔ ٹھیک ہو جائے گی۔‘‘
’’تو ڈاکٹر کو دکھا دیجیے نا!‘‘
’’ہاں، کل چلا جاؤں گا۔‘‘
صبح ابھی پوری طرح بیدار نہیں ہوئی تھی۔ بابا آہستہ آہستہ قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری اسپتال پہنچا۔ ٹکٹ کاؤنٹر پر لوگوں کا ہجوم تھا۔ بڑی دھکم پیل کے بعد ٹکٹ ملی تو ڈاکٹر صاحب کے کمرے کے باہر ایک اور قطار منتظر تھی۔
کافی دیر بعد اس کی باری آئی۔
’’جی بابا، کیا تکلیف ہے؟‘‘ ڈاکٹر صاحب نے پوچھا۔
’’صاحب، بس کچھ دنوں سے جسم میں درد رہتا ہے، چکر آتے ہیں، بھوک بھی کم لگتی ہے۔ کام کرنے کو دل نہیں کرتا۔‘‘
ڈاکٹر نے معائنہ کیا، پھر نسخہ لکھتے ہوئے کہا:
’’بابا، آپ بہت کمزور ہو گئے ہیں۔ آپ کو آرام کی سخت ضرورت ہے۔ وقت پر کھانا کھائیے اور یہ دوائیاں روزانہ لیجیے۔ اپنی صحت کو یوں نظرانداز مت کیجیے۔‘‘
’’جی صاحب، ان شاء اللہ!‘‘ بابا نے نسخہ دونوں ہاتھوں سے تھاما۔
وہ باہر نکلا تو سامنے میڈیکل اسٹور تھا۔
’’بھائی، ان دوائیوں کے کتنے پیسے ہوں گے؟‘‘
دکاندار نے قیمت بتائی۔
بابا نے جیب میں ہاتھ ڈالا۔ چند نوٹ تھے۔ اس نے انہیں گنا، کچھ دیر نسخے کو دیکھا، پھر دھیرے سے بولا:
’’اچھا بھائی، دوائیاں پھر کبھی لے لوں گا۔‘‘
’’کیوں بابا؟ طبیعت زیادہ خراب ہے کیا؟‘‘
بابا نے مسکرانے کی کوشش کی۔
’’نہیں، بس گھر میں کچھ ضروری خرچ ہے۔‘‘
وہ گھر پہنچا تو بیوی نے دروازے پر ہی پوچھا:
’’کیا کہا ڈاکٹر نے؟‘‘
’’کچھ نہیں، بس کمزوری ہے۔ آرام کرنے کو کہا ہے اور دوائیاں لکھی ہیں۔‘‘
’’تو دوائیاں لے آئے؟‘‘
بابا خاموش رہا۔
’’میں پوچھ رہی ہوں، دوائیاں کہاں ہیں؟‘‘
اس نے جیب سے نسخہ نکال کر چارپائی پر رکھ دیا۔
’’نہیں لے سکا۔ سوچا، پہلے گھر کا راشن لے آؤں۔ چاول بھی ختم ہونے والا ہے، بچے بھی کئی دنوں سے دودھ مانگ رہے ہیں۔ دوائیاں پھر لے آؤں گا۔‘‘
بیوی کی آنکھیں بھر آئیں۔
’’آپ کو اپنی جان کی کوئی فکر نہیں؟ آخر کب تک اپنے آپ کو یوں مارتے رہیں گے؟‘‘
بابا نے دھیرے سے اس کا ہاتھ تھام لیا۔
’’میں اپنی جان کی فکر کیسے نہ کروں؟ تم ہی تو ہو، بچے ہی تو ہیں۔ لیکن بتاؤ، اگر میں دوائیاں خرید لوں اور گھر میں چاول نہ ہو، تو بچوں کو کیا کھلاؤں؟‘‘
بیوی کی آنکھ سے ایک آنسو ٹپکا۔
’’اور اگر آپ کو کچھ ہو گیا تو ہم کیا کریں گے؟‘‘
بابا چند لمحے خاموش رہا، پھر بولا:
’’اللہ خیر کرے گا۔ ابھی تو بچے چھوٹے ہیں۔ ان کی فیس دینی ہے، گھر چلانا ہے، بیٹی کی ضرورتیں ہیں۔ میری دوائیاں دو چار دن بعد بھی آ جائیں گی۔‘‘
اتنے میں ان کا چھوٹا بیٹا اندر آیا۔
’’بابا! آپ میرے لیے دودھ لائے؟‘‘
بابا نے اسے سینے سے لگا لیا۔
’’ہاں بیٹا، کل ضرور لاؤں گا۔‘‘
بچہ خوش ہو کر باہر بھاگ گیا۔
بیوی نے چارپائی پر پڑے نسخے کو اٹھایا اور دیر تک اسے دیکھتی رہی۔
’’جانتے ہیں؟ یہ نسخہ صرف آپ کی بیماری کا نہیں، ہماری مجبوریوں کا بھی ہے۔‘‘
بابا نے نظریں جھکا لیں۔
’’کیا کروں؟ میں باپ ہوں نا!‘‘
میں نے ایسے بہت سے بابا دیکھے ہیں۔ ایسی مائیں بھی دیکھی ہیں جو اپنی دوائیوں کے پیسے بچوں کی فیس میں لگا دیتے ہیں، جو اپنے حصے کا دودھ بچوں کو پلا دیتے ہیں اور اپنی بھوک کو یہ کہہ کر بہلا دیتے ہیں کہ آج بھوک نہیں ہے۔
ہم انہیں قربانی کا نام دیتے ہیں، محبت کا نام دیتے ہیں، مگر کبھی یہ نہیں پوچھتے کہ آخر ان کی قربانیوں کی قیمت کون ادا کرے گا؟
کبھی اپنے والدین کی جیب بھی دیکھ لیا کیجیے۔ ممکن ہے وہاں پیسوں کے بجائے کوئی ایسا نسخہ رکھا ہو، جس کی دوائیاں وہ صرف اس لیے نہیں خرید سکے کہ گھر کے اخراجات ان کی زندگی سے زیادہ ضروری ہو گئے تھے۔
کیونکہ بعض اوقات باپ بیمار نہیں ہوتا، بس اپنے گھر کی ضرورتوں کے سامنے اپنی بیماری کو چھوٹا سمجھنے لگتا ہے۔
✍🏼 اِکز اِقبال ایک معلم، کالم نگار اور سماجی مبصر ہیں اور مریم میموریل انسٹیٹیوٹ پنڈت پورا قاضی آباد میں پرنسپل ہے۔
رابطہ: 7006857283
ای میل: ikkzikbal@gmail.com