Ad
مضامین

مرحوم حبیب اللہ حبہ لالہ۔یادوں کے دریچے سے

✍️ : ڈاکٹر ریاض ربانی کشمیری


کچھ لوگ اس دنیا سے رخصت ہو جانے کے باوجود اپنے کردار،اپنی محبت،اپنے افکار اور اپنے فن کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ان کی جسمانی موجودگی تو ختم ہو جاتی ہے لیکن ان کی یادیں،ان کے الفاظ اور ان کی شخصیت کے نقوش وقت کی گرد میں کبھی مدھم نہیں پڑتے۔مرحوم حبیب اللہ حبہ لالہ بھی ایسی ہی ایک درویش صفت،محبت کرنے والی اور غیر معمولی ادبی شخصیت کا نام تھا جنہیں یاد کرنا دراصل محبت،خلوص،انسانیت اور ادب کی ایک خوبصورت دنیا میں داخل ہونے کے مترادف ہے۔

مرحوم حبیب اللہ حبہ لالہ ضلع بارہمولہ کے ایک خوبصورت گاؤں بانڈی پائین سے تعلق رکھتے تھے۔وہ محض ایک شاعر نہیں بلکہ ایک مکمل شخصیت کے مالک تھے۔ان کے مزاج میں صوفیانہ رنگ،گفتگو میں مٹھاس،طبیعت میں انکساری،کردار میں دیانت داری اور رویوں میں بے پناہ خلوص پایا جاتا تھا۔وہ خوددار بھی تھے،ہردلعزیز بھی اور اپنی وضع داری کے اعتبار سے ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔ان کی شخصیت میں بناوٹ،تصنع اور دکھاوے کے بجائے سادگی،خلوص اور انسان دوستی کا رنگ غالب تھا۔

حبیب اللہ حبہ لالہ کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ وہ ہر شخص سے محبت،شفقت اور خندہ پیشانی سے پیش آتے تھے۔ان کے نزدیک انسان کی اہمیت اس کے عہدے،مرتبے،شہرت یا مالی حیثیت سے نہیں بلکہ اس کے کردار اور انسانیت سے تھی۔وہ چھوٹوں کے ساتھ شفقت اور بڑوں کے ساتھ احترام سے پیش آتے تھے۔ان کی گفتگو میں ایک عجیب سی کشش تھی جو سامنے والے کو اپنا گرویدہ بنا لیتی تھی۔ان کے طرزِ تکلم اور اندازِ بیان کا عالم ہی نرالا تھا۔وہ جس محبت اور اپنائیت سے بات کرتے تھے اس میں ایک درویش کی بے نیازی اور ایک صاحبِ دل انسان کی گہرائی محسوس ہوتی تھی۔ان کے الفاظ محض الفاظ نہیں ہوتے تھے بلکہ ان کے پیچھے ایک پورا احساس،ایک تجربہ اور ایک زندہ دل شخصیت بولتی تھی۔

ادب کے میدان میں حبیب اللہ حبہ لالہ ایک منفرد شناخت کے حامل شاعر تھے۔ان کی شاعری میں زندگی کے مختلف رنگ نمایاں طور پر دیکھنے کو ملتے ہیں۔درد و کرب،والدین سے بے پناہ محبت،معاشرتی ناہمواریاں،بے وفائی،عشق،جدائی،سوز و گداز اور انسانی جذبات ان کے کلام کے بنیادی موضوعات تھے۔ان کے اشعار میں محض لفظی خوبصورتی نہیں بلکہ زندگی کے تلخ تجربات اور قلبی واردات کی ترجمانی بھی ملتی ہے۔وہ ان احساسات کو شاعری کا موضوع بناتے تھے جن سے ایک عام انسان روزمرہ زندگی میں گزرتا ہے لیکن جنہیں زبان دینا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوتی۔ان کی شاعری میں والدین کے تئیں محبت اور عقیدت کا جذبہ خاص طور پر قابلِ ذکر ہے۔وہ اس رشتے کی عظمت اور اس کی بے لوث محبت کو نہایت درد مندانہ انداز میں بیان کرتے تھے۔اسی طرح معاشرتی رویوں، انسانی بے وفائی اور دنیا کی بے ثباتی پر ان کے اشعار ان کے گہرے مشاہدے اور حساس طبیعت کی عکاسی کرتے ہیں۔ان کا کلام اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ صرف تخیل کی دنیا میں رہنے والے شاعر نہیں تھے بلکہ اپنے گرد و پیش کے حالات، انسانی رویوں اور معاشرتی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھتے تھے۔

مرحوم کی شخصیت کا ایک نہایت روشن اور روح پرور پہلو رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اور اولیائے کرام سے ان کی بے پناہ محبت و عقیدت تھی۔ان کے دل میں عشقِ رسولؐ کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔رسول اللہ ﷺ کا اسمِ مبارک سنتے ہی ان کی آنکھیں اشکبار ہو جاتی تھیں۔یہ آنسو محض جذبات کا اظہار نہیں بلکہ ان کے قلب میں موجزن عشق و عقیدت کی گواہی دیتے تھے۔ان کی طبیعت میں جو صوفیانہ رنگ تھا وہ ان کی گفتگو،شاعری اور طرزِ زندگی میں بھی نمایاں تھا۔وہ اولیائے کرام سے محبت رکھتے تھے اور روحانیت،عاجزی،محبت اور انسان دوستی کو زندگی کی بنیادی اقدار سمجھتے تھے۔ان کی شخصیت ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ حقیقی روحانیت محض ظاہری وضع قطع یا مخصوص الفاظ کے استعمال کا نام نہیں بلکہ دل میں محبت،کردار میں پاکیزگی اور مخلوقِ خدا کے ساتھ حسنِ سلوک کا نام ہے۔

حبیب اللہ حبہ لالہ کی شخصیت کا ایک ایسا پہلو بھی ہے جسے میں اپنے ذاتی تجربے کی روشنی میں کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ادبی دنیا بھی بعض اوقات عجیب تضادات کا شکار ہو جاتی ہے۔یہاں محبت،خلوص اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ گروہ بندی،تنگ نظری،ذاتی مفادات اور بعض نام نہاد ادبی اجارہ داریاں بھی دیکھنے کو ملتی ہیں۔کبھی کسی ادبی انجمن کے رویے سے دل آزاری ہوتی ہے تو کبھی کسی ادبی محفل میں پیش آنے والا کوئی واقعہ حساس طبیعت رکھنے والے اہلِ قلم کو رنجیدہ کر دیتا ہے۔مجھے یاد ہے کہ جب بھی مرحوم حبیب اللہ حبہ لالہ مجھے کسی ادبی انجمن یا محفل کے حوالے سے رنجیدہ دیکھتے یا کسی ادبی اجارہ دار کی تنگ نظری سے دل برداشتہ پاتے تو وہ ضرور فون کرکے میری ڈھارس بندھاتے تھے۔ان کا فون آتا اور وہ نہایت شفقت سے میرا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہتے تھے کہ "آپ کی اڑان بہت اونچی ہے،ہمت مت ہارو۔" یہ چند الفاظ بظاہر معمولی محسوس ہو سکتے ہیں لیکن ایک حساس اور تخلیقی انسان کے لیے یہ الفاظ کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہوتے۔وہ مجھے سمجھاتے،حوصلہ دیتے اور یہ احساس دلاتے کہ ادبی سفر میں وقتی رکاوٹیں اور لوگوں کے رویے انسان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ان کی یہ خوبی انہیں محض ایک اچھا شاعر نہیں بلکہ ایک بڑا انسان بھی ثابت کرتی ہے۔وہ خود شاعری کرتے تھے لیکن دوسروں کے فن اور صلاحیتوں کو بھی تسلیم کرنا جانتے تھے۔ان کے دل میں کسی دوسرے کی کامیابی سے حسد نہیں بلکہ خوشی پیدا ہوتی تھی۔وہ نئی نسل کے اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی کو اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتے تھے۔میرے نزدیک یہ ان کی شخصیت کا وہ روشن پہلو ہے جسے بیان کرنا ضروری ہے کیونکہ ایک اچھا شاعر اپنے جذبات کو اشعار میں ڈھالتا ہے، لیکن ایک بڑا انسان دوسروں کے ٹوٹتے ہوئے حوصلوں کو اپنے الفاظ سے سہارا دیتا ہے۔

مرحوم کا ایک شعر آج بھی میرے ذہن کے پردے پر نقش ہے:

؎ ووپرو مے کری ہم نالہ متی دوپ ہم ژ ما آکھ سون کن

پنہ نیو مے کری جگرس ینگار بس چانہ باپتھ دلبرو

اس شعر میں جو درد،سوز،داخلی کیفیت اور جذباتی شدت محسوس ہوتی ہے وہ ان کے مخصوص شعری مزاج کی عکاسی کرتی ہے۔ان کے کلام میں ایسے کئی مقامات ملتے ہیں جہاں شاعر اپنے دل کی کیفیت کو نہایت سادہ مگر اثر انگیز انداز میں بیان کرتا ہے۔یہی سادگی ان کی شاعری کی اصل خوبصورتی تھی۔

حبیب اللہ حبہ لالہ جیسے شعراء کسی بھی زبان اور تہذیب کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ان کی اہمیت صرف اس وجہ سے نہیں ہوتی کہ وہ خوبصورت اشعار کہتے ہیں بلکہ اس لیے بھی ہوتی ہے کہ وہ اپنے عہد کے احساسات،سماجی رویوں،تہذیبی اقدار اور انسانی تجربات کو اپنے کلام میں محفوظ کرتے ہیں۔کشمیری زبان و ادب کو ایسے ہی حساس،دردمند اور صاحبِ طرز شعراء نے اپنی تخلیقات سے مالا مال کیا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کے کلام کو محفوظ کیا جائے،ان کی ادبی خدمات کو مرتب کیا جائے اور نئی نسل کو ان کی شاعری اور شخصیت سے روشناس کرایا جائے۔ اگر ان کا کلام ابھی تک باقاعدہ طور پر مرتب اور شائع نہیں ہوا ہے تو ان کے اہلِ خانہ،دوستوں اور ادبی حلقوں کو چاہیے کہ ان کے اشعار اور تخلیقات کو یکجا کرکے محفوظ کریں تاکہ آنے والی نسلیں اس درویش صفت شاعر کے فکری اور تخلیقی اثاثے سے استفادہ کر سکیں۔

آج جب میں مرحوم حبیب اللہ حبہ لالہ کو یاد کرتا ہوں تو ان کی شاعری کے ساتھ ساتھ ان کی وہ شفقت بھری آواز بھی میرے کانوں میں گونجنے لگتی ہے جو مایوسی کے لمحات میں مجھے حوصلہ دیا کرتی تھی۔ان کا یہ کہنا کہ "آپ کی اڑان بہت اونچی ہے،ہمت مت ہارو" میرے لیے محض ایک جملہ نہیں بلکہ ان کی محبت، خلوص اور میرے ادبی سفر پر ان کے اعتماد کی علامت ہے۔ دنیا میں بہت سے لوگ ہماری تعریف کرتے ہیں،بہت سے لوگ ہماری کامیابیوں پر مبارک باد دیتے ہیں، لیکن بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو ہماری مایوسی کو محسوس کرکے خود آگے بڑھ کر ہمارا حوصلہ بنتے ہیں۔حبیب اللہ حبہ لالہ انہی چند لوگوں میں سے ایک تھے۔ان کی زندگی کا اصل حسن یہی تھا کہ وہ محبت بانٹتے تھے،دوسروں کے درد کو محسوس کرتے تھے اور اپنے الفاظ سے لوگوں کے دلوں کو سہارا دیتے تھے۔ان کی شاعری میں جو سوز تھا، ن کے کردار میں بھی وہی درد مندی اور خلوص موجود تھا۔

حبیب اللہ حبہ لالہ اب ہمارے درمیان موجود نہیں،لیکن ان کی یادیں،ان کی شاعری،ان کا صوفیانہ مزاج،ان کی محبت بھری گفتگو اور ان کے حوصلہ افزا الفاظ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔وہ ان لوگوں میں سے تھے جنہیں کسی تعارف،منصب یا ظاہری شہرت کی ضرورت نہیں ہوتی،کیونکہ ان کا کردار ہی ان کا سب سے بڑا تعارف ہوتا ہے۔ایسے لوگ زندگی میں محبت کے چراغ روشن کرتے ہیں اور رخصت ہونے کے بعد بھی اپنے پیچھے روشنی چھوڑ جاتے ہیں۔میری نظر میں حبیب اللہ حبہ لالہ کی سب سے بڑی ادبی اور انسانی خوبی یہی تھی کہ وہ خود ایک صاحبِ درد شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ دوسروں کے درد کو سمجھنے والے انسان بھی تھے۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے،ان کے درجات بلند فرمائے،ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور انہیں رسولِ اکرم ﷺ کی شفاعت اور قرب نصیب فرمائے۔ان کے اہلِ خانہ،احباب اور چاہنے والوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین۔

ہرگاہ  نہ  آیکھ   گرہ  حبہ  لالن

شیچھ ہے وآتی کآلی بہ مودس

حبیب اللہ حبہ لالہ جیسے لوگ مرتے نہیں،وہ اپنی شاعری،اپنی محبت اور اپنی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔



غیر جانبدار اور آزاد صحافت کا ساتھ دیں!


نوکِ قلم نیوز ایک آزاد صحافتی ادارہ ہے جو غیر جانبدار صحافت کا علم بلند کیے ہوئے ہے۔ نازیبا اشتہارات سے اجتناب کرتے ہوئے گوگل اشتہارات بند کر دیے گئے ہیں۔ اب یہ سفر آپ کے تعاون کا محتاج ہے۔ خصوصاً قلم کار حضرات سے گزارش ہے کہ ہفتہ وار یا ماہانہ مالی تعاون کے ذریعے اس مشن کو جاری رکھنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ شکریہ!