جموں و کشمیر
سید علی گیلانی کی پوتی کے پی ڈی پی میں شامل ہونے کا امکان، رُوٰی شاہ کون ہیں؟

جموں و کشمیر کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر مرحوم حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی پوتی اور مرحوم علی الطاف شاہ کی صاحبزادی رُوٰی شاہ کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) میں شمولیت کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ خاندانی اور سیاسی پس منظر کے پیش نظر ان کی ممکنہ سیاسی انٹری کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔
رُوٰی شاہ کے دادا سید علی شاہ گیلانی کئی دہائیوں تک کشمیر کی علیحدگی پسند سیاست کے نمایاں رہنماؤں میں شمار ہوتے رہے، جبکہ ان کے والد علی الطاف شاہ بھی علیحدگی پسند تحریک سے وابستہ تھے۔تاہم، رُوٰی شاہ نے مارچ 2024 میں اپنے خاندان کی سیاسی وراثت سے عوامی طور پر لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ ان کا حریت کانفرنس کے اس دھڑے سے کوئی تعلق نہیں جس کی بنیاد ان کے دادا نے رکھی تھی، نہ ہی وہ اس کے نظریے سے کوئی ہمدردی یا وابستگی رکھتی ہیں۔ انہوں نے خود کو ہندوستان کا وفادار شہری قرار دیتے ہوئے آئینِ ہند سے اپنی وابستگی کا اظہار بھی کیا تھا۔ اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پی ڈی پی کے رکن اسمبلی وحید الرحمٰن پرہ نے کہا کہ رُوٰی شاہ نے ابھی تک پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے، تاہم ان کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور محبوبہ مفتی انہیں پہلے ہی پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دے چکی ہیں۔
وحید الرحمٰن پرہ کے مطابق، محبوبہ مفتی گزشتہ چھ سے آٹھ برسوں سے رُوٰی شاہ کے ساتھ رابطے میں ہیں، تاہم یہ رابطہ سیاسی نوعیت کا نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ محبوبہ مفتی سمجھتی ہیں کہ اگر رُوٰی شاہ پی ڈی پی میں شامل ہوتی ہیں تو یہ ایک اچھی پیش رفت ہوگی۔دوسری جانب، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی اس حوالے سے کہا کہ ’’وہ جب چاہیں پارٹی میں شامل ہو سکتی ہیں۔ یہ ان کا اپنا گھر اور اپنی پارٹی ہے۔‘‘رُوٰی شاہ نے ترکی میں سنیما اور ٹیلی ویژن کی تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ ماضی میں انڈین ایکسپریس، ہندوستان ٹائمز اور انڈو ایشین نیوز سروس کے ساتھ بطور صحافی کام کر چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ الجزیرہ کے لیے بھی کالم تحریر کر چکی ہیں۔فی الحال رُوٰی شاہ کی جانب سے پی ڈی پی میں شمولیت کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم، اگر وہ واقعی مین اسٹریم سیاست میں قدم رکھتی ہیں تو ان کی سیاسی انٹری کو نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ قومی سطح پر بھی خاصی اہمیت حاصل ہو سکتی ہے۔