سفر نامہ
دریائے نیل کے پل سے (سفرنامہ)

دریائے نیل کے پل سے گزرتے ہوئے احساس ہوا کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ نے نظامِ واہیات کو اتھل پتھل کر کے رکھ دیا ہے ۔ جہاں شر سے خیر نکلتا ہے اور خیر سے خیر ہی۔ میرا کینیڈا سے واپسی کا روٹ سعودی ائیرلائنز سے جدہ ہو کر ممبئی کے لئے تھا جس میں ستائیس گھنٹے کا درمیانی وقفہ تھا اس کے بعد ممبئی کے لئے فلائٹ تھی۔ اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے مکہ پہنچ کر عمرہ کرنے کا ارادہ تھا اس لئے تاریخ سفر سے پندرہ دن قبل ویزے کے لئے درخواست دے دی گئی تھی بلکہ ویزے کی فیس تک بھر چکے تھے اور انتظار تھا تو بس ویزہ آنے کا یا تاریخ سفر کا۔ لیکن آخر موقع تک ویزے کا دور دور تک پتہ نہ تھا البتہ ائیر لائنز کی جانب سے یہ پیغام موصول ہوا کہ جدہ ائیرپورٹ پر آن ارائیول ویزا مل جائے گا ۔ ہم وقت مقررہ پر ہوائی اڈے پہنچ گئے اور چیک ان کی قطار میں احرام لٹکائے کھڑے ہو گئے ۔ کافی لوگ مجھ سے آگے تھے اس لئے بہت دیر لگی کاؤنٹر تک پہنچنے میں ۔ وہاں پہنچ کر معلوم ہوا کہ ہمیں سفر کی اجازت نہیں ہے کیونکہ ہمارے پاس سعودی عرب کا ویزہ نہیں ہے ۔ ہم نے کافی دیر بحث و حجت کی لیکن بے سود رہا ۔ ہمیں سعودی ائیرلائنز کے ناکارہ پن کا اس وقت شدید احساس ہوا جہاں انسانیت کا بھی فقدان تھا ۔ ہم نے وہ تمام کاغذات خط و کتابت دکھائے لیکن سوائے واپس گھر جانے کے کوئی چارہ نہ تھا ۔ ان لوگوں نے اتنی بھی معذرت نہیں کی کہ کہہ دیتے ہمیں میسج نہ بھیجنے کا افسوس ہے جیسا کہ وطن عزیز میں" ہمیں کھید ہے " کہہ کر مسافروں کے ساتھ بڑے سے بڑا کھلواڑ کر کے بھی بے گناہ چھوٹ جاتے ہیں ۔ کسی سے تو کچھ سیکھ لیتے ۔
بہر حال ہم منہ لٹکائے ہوئے گھر واپس آ گئے اور دوسری ائیر لائنز پر ٹکٹ ڈھونڈنے میں مصروف ہو گئے جو مناسب داموں میں ہو ورنہ تو آپدا میں اوسر ڈھونڈنا بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہے۔ ہمیں مصری ہوائی کمپنی سے مناسب داموں میں ایک ہفتے بعد کا ٹکٹ مل گیا اس طرح جو سفر احرام سے شروع ہونا تھا وہ اہرام کی طرف منتقل ہو گیا ۔
اڑان کے ساڑھے گیارہ گھنٹے بعد ہم قاہرہ ہوائی اڈے پر لینڈ ہوئے ۔ درمیان میں دوسری فلائٹ کے لئے گیارہ گھنٹے کا وقفہ تھا اسے غنیمت جانتے ہوئے ہم نے آن ارائیول ویزا چھتیس امریکی ڈالر میں حاصل کیا اور باہر نکل آئے جہاں ایک شناسا ہمارے منتظر تھے ۔ وہاں سے کیب کے ذریعے ہم اہرام دیکھنے چلے گئے جو تقریباً پینتالیس منٹ کی دوری پر واقع ہیں ۔ داخلی دروازے پر ٹکٹ خریدے گئے جو فی فرد سات سو مصری پونڈ کے تھے۔ ہمارے پاس کیبن بیگ تھا جسے اندر لے جانے کی اجازت نہیں تھی لہذا وہیں دو سو پچاس پونڈ ادا کر کے لاکر لیا گیا ۔ اندر اہرام تک جانے کے لئے سرکاری بسیں کھڑی تھیں جو ہمیں نو(٩) اہرام کے قریب لے گئیں ۔ اہرام تک پہنچنے کے لئے آگے دوسری بسیں چلتی ہیں اور اونٹوں کی سواری بھی ہزار پونڈ دے کر کی جا سکتی ہے ۔ ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں تھا اس لئے وہی زیادہ مناسب مقام تھا جہاں سے تصاویر کھینچنے میں اہرام پوری طرح فریم میں آ جاتے تھے ورنہ قریب سے یہ ممکن نہیں ہے کیونکہ اہرام کی اونچائی بہت زیادہ ہے ۔ وہیں پر چھوٹے چھوٹے ہوائی جہاز جن میں پیراشوٹ لگے ہوتے ہیں لوگ تفریح کے لئے اڑان بھرتے ہیں اور اہرام کے اردگرد چکر لگاتے ہیں ۔ مغربی ممالک کے سیاحوں کی بڑی تعداد اس میں دلچسپی رکھتی ہے ۔
قاہرہ تاریخی شہر ہے اس لئے یہاں کا سب سے بڑا معاشی ذریعہ سیاحتی ادارہ ہے ۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ شہر کیسا نہیں ہونا چاہئے اس کی منہ بولتی تصویر قاہرہ ہے۔ صفائی کی قلت، سڑکوں پر ٹریفک جام، سگنل کا فقدان ، قانون کی دھجیاں، دھول وہاں کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ بارش کم ہونے کی وجہ سے تمام اونچی نیچی عمارتوں میں پینٹ کرنے کا رواج کم ہے ۔ صرف ایک مٹیالا رنگ اور پورا قاہرہ جس پر دھول کی پرتیں۔ دیواروں پر پلاسٹر بھی اکثر عمارتوں میں ندارد ہیں کہ بارش میں رِسنے کا خدشہ ہی نہیں ہے ۔ پیچیدہ سڑکیں کہیں کہیں تنگ کہیں کشادہ ۔ ہم نے اہرام کے کیمپس سے نکل کر عجائب گھر (میوزیم) کے لئے کیب بک کیا ۔ وہاں سے فارغ ہو کر مسجد امام شافعی جانے کا ارادہ تھا جہاں فقہ کے امام امام شافعی کی قبر ہے۔ میوزیم میں پانچ سو پچاس فی فرد ٹکٹ لے کر اندر داخل ہوئے ۔ میوزیم کا کیمپس کافی خوبصورت و دیدہ زیب ہے۔ ماربل کا فرش داخلی دروازے سے لے کر میوزیم کی عمارت تک ہے ۔ یہاں صفائی کا خاص انتظام ہے کیونکہ یہ جگہ فرعونی حکمرانوں کے جانشینوں کی توجہ کا مرکز خاص ہے۔ یہاں انہی لوگوں کی حکمرانی ہے جو فرعون کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں اور جنہوں نے رعمسیس دوم کی لاش کو توپوں کی سلامی دی ہے ۔ میوزیم کے اوپری حصے میں مصری نوادرات کو ایک ترتیب سے رکھا گیا ہے ۔ ہزاروں سال پرانی تہذیب کے آثار وہاں موجود ہیں اور وہاں تصویریں کھینچنے پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ ہمارے پاس چونکہ وقت کی قلت تھی اس لئے جلدی جلدی تصویریں لینے کے بعد ہم نیچے تہہ خانے کی طرف بڑھ گئے جہاں حنوط شدہ لاشیں (ممیاں) رکھی ہوئی تھیں۔ ایک ایک ممی کے لئے ایک ایک کمرہ تھا جہاں پہرے دار موجود تھے کیونکہ یہاں تصویریں کھینچنا ممنوع ہے ۔ فراعنہ اور ان کی ملکائیں وہیں نشان عبرت بنی پڑی تھیں ۔ انہی کمروں میں ان کے منقش تابوت جو قیمتی دھاتوں اور پتھروں سے مرصع تھے ایک شوکیس میں رکھے ہوئے تھے ۔ فرعون سوم ، چہارم، پنجم سبھی اپنی ملکہ کے ساتھ موجود تھے ۔ آگے ایک کشادہ کمرے میں فرعون دوم کی لاش اپنی خدائی کے دعوے پر ماتم کناں تھی ۔ اس کے سر کے بال سفید تھے جس کو گندمی رنگ سے رنگا گیا رہا ہوگا ۔ اس کی ملکہ وہاں نہیں تھی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ وہ مومن تھی غرق ہونے والوں میں شامل نہیں تھی ۔ باقی ملکائیں پورے فیشن کے ساتھ ممی میں تبدیل کی گئیں تھیں یعنی ان کی پیشانی کے بالوں سے شروع ہونے والی گندھی ہوئی چوٹیوں کی لڑیاں جو آج کے جدید فیشن کا حصہ ہیں ہزاروں سال پہلے یہی تہذیب وہاں کے شرفاء میں رائج تھی۔ وہاں سے بھی ہم نے جلد نکلنے کی کوشش کی کیونکہ ہماری فلائٹ کا وقت قریب آ رہا تھا ۔ ہم نے صبح سے چائے تک نہیں پی تھی اس لئے یہ فیصلہ کیا کہ اب سیدھے کسی ریستوران چلتے ہیں اور کھانے سے فارغ ہو لیتے ہیں ۔ رہا امام شافعی کی مسجد و قبر تو وہ کسی اور وقت کے لئے موقوف کر دیا گیا ۔
دریائے نیل جسے مصر کی دلہن بھی کہا جاتا ہے اور خدائی تحفہ بھی۔ اس کے دونوں کنارے کافی خوبصورتی سے سنوارے گئے ہیں ۔ دونوں کناروں پر ہوٹلوں کی قطاریں ہیں ۔ وہاں کشتی رانی (بوٹنگ ) بھی ہوتی ہے ۔ صبح جب ہم نیل کے پل سے گزرے تھے تو کافی سناٹا تھا لیکن اس وقت سیاحوں سے بھرا ہوا تھا ۔ نوجوان جوڑے جگہ جگہ پل پر کھڑے نیل کا نظارہ کر رہے تھے ۔ وہیں قریب ہی ہم بھی ریستوران میں داخل ہو گئے ۔ کھانے سے فراغت کے بعد ارادہ تھا کہ ہم بھی نیل کے کنارے کچھ دیر سیر کرتے لیکن پھر وقت نے اجازت نہیں دی اور ہم نے ائیر پورٹ کے لئے کیب بک کر لی ۔ حسرت یہ باقی رہی کہ زندگی نے اجازت دی اور پھر کبھی موقع ملا تو کم از کم ہفتہ بھر رہ کر ان تاریخی مقامات کو اطمینان سے دیکھیں گے ۔ لیکن حقیقی مزہ تو شاید اسی میں ہے کہ تشنگی باقی رہے ۔
۱۱ نومبر ۲۰۲۶