Ad
مضامین

NEET UG 2026 پیپر لیک، لاکھوں طلبہ کے اعتماد پر ایک کاری ضرب

✍️ : ڈاکٹر احمد عروج مدثر، ( اکولہ ، مہاراشٹرا )


( موبائل نمبر : 7875836830 )

تعلیم کسی بھی قوم کے مستقبل کی تعمیر کا سب سے بنیادی اور مؤثر ذریعہ ہوتی ہے۔ قومیں اپنے تعلیمی نظام کے معیار سے پہچانی جاتی ہیں اور نوجوان نسل کے خوابوں کی حفاظت دراصل ملک کے مستقبل کی حفاظت سمجھی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امتحانات کو ہمیشہ نہایت سنجیدہ، حساس اور مقدس ذمہ داری تصور کیا گیا ہے، کیونکہ امتحان صرف سوالات کے جوابات لینے کا عمل نہیں بلکہ محنت، صلاحیت، دیانت اور مستقبل کے تعین کا پیمانہ ہوتے ہیں۔ لیکن جب انہی امتحانات پر بدعنوانی کے سائے پڑنے لگیں، سوالیہ پرچے بازار میں فروخت ہونے لگیں اور محنت کے بجائے رسائی اور پیسے کامیابی کی ضمانت بننے لگیں تو یہ صرف ایک انتظامی ناکامی نہیں رہتی بلکہ پورے معاشرے کے اخلاقی زوال کی علامت بن جاتی ہے۔

آج NEET UG 2026 کے پرچے لیک ہونے کی خبروں کے درمیان  03 مئی کو منعقدہ امتحان کو منسوخ کردیا جانا بظاہر شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانے کی ایک ناگزیر کارروائی محسوس ہوتی ہے۔ یقیناً حکومت اور متعلقہ اداروں کے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہ ہوگا، کیونکہ اگر امتحان مشکوک ہوجائے تو اس کے نتائج لاکھوں طلبہ کے ساتھ ناانصافی کا سبب بن سکتے ہیں۔ لیکن اس فیصلے کا دوسرا رخ کہیں زیادہ دردناک، پیچیدہ اور انسانی المیے سے بھرپور ہے۔ یہ فیصلہ ان لاکھوں طلبہ کے لئے شدید نفسیاتی صدمہ بن کر سامنے آیا ہے جنہوں نے پورا سال اپنی نیندیں، اپنی خواہشات، اپنی آسائشیں اور اپنے جذبات قربان کرکے صرف ایک خواب کی تعبیر کے لئے خود کو کتابوں کے حوالے کردیا تھا۔

ہندوستان میں NEET صرف ایک امتحان نہیں بلکہ لاکھوں خاندانوں کی امیدوں کا مرکز ہے۔ متوسط اور غریب گھرانوں کے بچے اس امتحان کو اپنی زندگی بدلنے کا واحد راستہ سمجھتے ہیں۔ کئی والدین اپنی ضروریات محدود کردیتے ہیں تاکہ ان کا بچہ کوچنگ حاصل کرسکے۔ کئی مائیں اپنے زیورات فروخت کردیتی ہیں، کئی باپ اپنی جسمانی طاقت سے زیادہ محنت کرتے ہیں، کئی بہن بھائی اپنی خواہشات قربان کرتے ہیں تاکہ خاندان کا ایک فرد ڈاکٹر بن سکے۔ ایسے میں جب امتحان کے بعد اچانک یہ اعلان ہوتا ہے کہ پرچہ لیک ہوگیا ہے اور امتحان منسوخ کردیا گیا ہے تو اس خبر کا اثر صرف ایک تعلیمی عمل تک محدود نہیں رہتا بلکہ پورا گھر ذہنی اذیت، بے یقینی اور اضطراب کا شکار ہوجاتا ہے۔

یہ واقعہ ہندوستانی تعلیمی نظام کے اندر موجود ان کمزوریوں کو بے نقاب کرتا ہے جن پر شاید برسوں سے پردہ ڈالا جارہا تھا۔ سب سے اہم سوال یہی پیدا ہوتا ہے کہ آخر اتنے بڑے قومی امتحان کے حفاظتی انتظامات اتنے کمزور کیوں ہیں؟ اگر ملک کے حساس ترین امتحانات میں شامل سوالیہ پرچے بھی محفوظ نہیں رہ سکتے تو پھر یہ نظام کس بنیاد پر اپنی ساکھ قائم رکھے ہوئے ہے؟ امتحانی مراکز، ڈیجیٹل نگرانی، خفیہ نقل و حمل، مضبوط سیکورٹی اور Confidential Handling جیسے تمام دعوؤں کے باوجود اگر پرچے لیک ہوجاتے ہیں تو اس کا مطلب واضح ہے کہ مسئلہ صرف انتظامی نہیں بلکہ اخلاقی اور نظامی بھی ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ ہمارا تعلیمی نظام رفتہ رفتہ ایک غیر انسانی مسابقتی مشین میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔ طلبہ کو مسلسل نمبروں، رینکنگ اور مقابلے کی ایسی دوڑ میں دھکیل دیا گیا ہے جہاں ان کی ذہنی صحت، جذبات اور شخصیت کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہی۔ ایک طالب علم صبح سے رات تک صرف ایک امتحان کے گرد اپنی زندگی گھماتا ہے۔ وہ اپنے دوستوں سے دور ہوجاتا ہے، کھیل کود چھوڑ دیتا ہے، سماجی تعلقات محدود کرلیتا ہے اور ہر وقت صرف اس خوف میں مبتلا رہتا ہے کہ کہیں وہ پیچھے نہ رہ جائے۔ اس شدید ذہنی دباؤ کے باوجود وہ خود کو سنبھالے رکھتا ہے کیونکہ اسے یقین ہوتا ہے کہ اس کی محنت ایک دن رنگ لائے گی۔ لیکن جب یہی طالب علم سنتا ہے کہ سوالیہ پرچہ لیک ہوگیا تھا، کچھ لوگ پہلے ہی سوالات حاصل کرچکے تھے اور اب امتحان دوبارہ ہوگا، تو اس کے اندر ایک گہری ٹوٹ پھوٹ پیدا ہوتی ہے۔

یہ صرف تعلیمی نقصان نہیں بلکہ نفسیاتی استحصال بھی ہے۔ ایک طالب علم پورا سال اپنی ذہنی توانائی ایک خاص مرحلے کے لئے محفوظ رکھتا ہے۔ امتحان ختم ہونے کے بعد وہ ذہنی طور پر تھکن، دباؤ اور بے چینی سے نکلنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن اچانک دوبارہ امتحان کی خبر اسے دوبارہ اسی اذیت ناک ذہنی کیفیت میں دھکیل دیتی ہے۔ کئی طلبہ ایسے حالات میں شدید Anxiety، Depression اور Emotional Burnout کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ہندوستان جیسے ملک میں جہاں پہلے ہی تعلیمی دباؤ کے باعث خودکشیوں کے واقعات بڑھ رہے ہیں، وہاں اس قسم کے واقعات نوجوان ذہنوں کے لئے مزید خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

ماہر تعلیم ، مرکزی تعلیمی بورڈ دہلی کے ڈائریکٹر اور شعبہ تعلیم جماعت اسلامی ہند کے مرکزی سیکرٹری سید تنویر احمد صاحب نے NEET UG 2026 کے پیپر لیک ہونے اور امتحان منسوخ ہونے کے اس پورے معاملے پر راقم کو ٹیلیفونک انٹرویو میں کہا ہے:  اس معاملہ میں میں چھ باتیں آپ کے ذریعے کہنا چاہتا ہوں کہ 

1. اس پورے اسکینڈل کی وقت کی قید کے ساتھ ( Time-bound ) جلد از جلد جانچ ہونی چاہیے۔ کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

2. جو بھی اس میں ملوث ہے ، یقیناً اس میں اعلیٰ افسران سے لے کر چھوٹے عملے تک لوگ شامل ہوں گے ۔۔۔ ان سب کو مثالی سزا ملنی چاہیے ، ایسی سزا جس سے لوگوں تک ایک واضح پیغام پہنچے۔

3. پورے این ٹی اے نظام کو شفاف اور لیک پروف بنانے کی ضرورت ہے۔ اب تو سائنسی ٹیکنالوجی آگئی ہے۔ اگر پورے نظام کو توڑ کر پیپر لیک کیا گیا ہے تو یقیناً اعلیٰ افسران اس میں ملوث ہیں ، لہٰذا سسٹم پر ازسرِنو غور ہونا چاہیے اور اسے درست اور اعلیٰ معیار کا بنایا جانا چاہیے۔

4. این ٹی اے اور اس طرح کے اداروں میں سیاسی دلچسپی رکھنے والے لوگ شامل ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے حقیقی طور پر محنت کرنے والے طلبہ کا نقصان ہو رہا ہے۔

5. پورے NEET کے نظام کو ازسرِنو ڈیزائن کرنے کی ضرورت ہے۔ کیا یہی واحد نظام ہے جس کے ذریعے ہم بچوں کا انتخاب کرسکتے ہیں یا اس کے علاوہ بھی کوئی مؤثر نظام بنایا جا سکتا ہے؟ اس لیے کہ اس سے پہلے سپریم کورٹ میں اعتراضات داخل ہو چکے ہیں کہ یہ نظام کس طرح بااثر اور مالدار طبقات کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ حکومت باضابطہ طور پر ایک مطالعہ کروائے کہ کس طرح کے بچے میڈیکل فیلڈ میں جا رہے ہیں۔ ایک طرف ہم نئی تعلیمی پالیسی میں کہتے ہیں کہ بچے سماجی طور پر فعال رہیں، لیکن دوسری طرف یہ بچے سماجی طور پر کٹے کٹے رہ جاتے ہیں۔ کیا نیٹ امتحان کے ذریعے گزر کر آنے والے بچے سماجی طور پر فعال رہتے ہیں؟ یہ ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

6. آخری بات یہ کہ اب جو امتحان دوبارہ ہونے والا ہے، اس کی تاریخیں اس طرح طے کی جائیں کہ بچوں کا سال ضائع نہ ہو، نہ ہی وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوں۔ بچوں کو ذہنی دباؤ سے بچانے کے لیے حکومت جو اقدامات کرسکتی ہے، وہ ضرور کرے۔ اعلانات اور اطلاعات میں مکمل شفافیت رکھی جائے۔

ذہنی دباؤ کے سوال پر سید تنویر احمد صاحب نے جواب دیا کہ حکومت ہاٹ لائن قائم کرکے بچوں کی ٹیلی فونیک کاؤنسلینگ کے ذریعے ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں مدد کرے۔

سید تنویر احمد صاحب نے تمام ٹیوشن کلاسز سے اپیل کی ہے کہ دوبارہ امتحان کے پیشِ نظر وہ مفت کلاسز یا اسٹڈی سینٹرز کا اہتمام کریں، تاکہ والدین پر اضافی معاشی بوجھ نہ پڑے۔ انہیں موقع ملنے پر اسے پیسہ بنانے کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔

ایک طالب علم جس کا تعلق ناندیڑ ہے اُس نے 03 مئی کو امتحان دیا تھا ۔ آج جب معلوم ہوا کہ امتحان منسوخ ہوچکا ہے تو انتہائی اضطراب کے عالم میں راقم سے رابطہ کیا اور کہا یہ ہمارا دوسرا attempt تھا ۔ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ میں سب چیزیں بھول گیا ہوں اور انتہا درجے ٹیشن میں ہوں ۔ یہی کیفیت دراصل طلباء میں ذہنی دباؤ اور پھر انہیں حادثات کا شکار کرتی ہیں ۔ اکولہ کے ایک ھومیوپیتھک کنسلٹنٹ نے اپنی بیٹی کیفیت بتاتے ہوئے کہا کہ وہ آج صبح انتہائی ڈپریشن میں ہے ۔ 

تعلیم کے موضوع پر کئی کتابوں کے مصنف ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر اور ماہر تعلیم ڈاکٹر بدر الاسلام صاحب اس واقعہ پر راقم سے گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ : " پیپر لیک کا مسئلہ کوئی معمولی مسئلہ نہیں ہے، یہ ہمارے پورے نظامِ تعلیم کا ایک اسٹرکچرل پرابلم ہے۔ آج ہمارے نظامِ تعلیم کا پورا فوکس کسی نہ کسی طرح امتحان میں کامیابی حاصل کرنا اور زیادہ سے زیادہ نمبر لینا ہو کر رہ گیا ہے۔ تعلیمی قابلیت، تعلیمی مہارت، تصورات کی وضاحت اور فہم جیسے بنیادی تعلیمی مقاصد حاشیے پر چلے گئے ہیں۔ اس لیے اس ضمن میں جہاں امتحانات کے نظام کو شفاف اور درست کرنے کی ضرورت ہے، وہیں اس سے زیادہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تعلیم کے اہم مقاصد کی طرف متوجہ ہوں۔ " 

ڈاکٹر بدر الاسلام صاحب مزید کہتے ہیں " پیپر لیک کی دوسری بڑی وجہ ہمارا پورا سماجی اور اخلاقی نظام ہے۔ اس وقت اخلاق، کردار اور قدروں کا جو بحران پیدا ہو چکا ہے، اسے ایڈریس کیے بغیر یہ مسئلہ حل ہونے والا نہیں۔ اس کی ایک اور بڑی وجہ تعلیم کا تجارتی کرن ہے۔ نجی تعلیمی اداروں کی وجہ سے تعلیم ایک جنسِ بازار بن گئی ہے اور بازار کے اصولوں کے مطابق تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں۔ ظاہر ہے، انہیں اپنے منافع سے ہی زیادہ مطلب ہوتا ہے۔ سماج کی مجموعی صورتحال کو تبدیل کیے بغیر صرف جزوی علاج زیادہ فائدہ مند ثابت نہیں ہوگا۔ " 

ماہر نفسیات اور تعلیم کے شعبہ سے وابستہ ڈاکٹر مبشرہ فردوس صاحبہ اس صورتحال پر کہتی ہیں کہ : " طالب علم پر امتحان کا کینسل ہونا ذہنی سطح کا بری طرح متاثر کرسکتا ہے ۔ اچانک تبدیلی کو ذہن قبول نہیں کرتا ہے شدید مایوسی اور ٹوٹ پھوٹ طالب علم محسوس کرتا ہے کہ اس کی ساری محنت بے معنی ہوگئی۔ اس سے emotional crash پیدا ہوسکتا ہے۔اضطراب اور Anxiety اور Panic Symptoms دل کی دھڑکن تیز ہوسکتی بے چینی، نیند نہ آنا، مسلسل سوچتے رہنا، مستقبل کا خوف وغیرہ بڑھ سکتے ہیں۔ممکن ہے کہ امتحان کی مسلسل تیاری کے بعد ذہن ایک خاص peak stress پر ہوتا ہے۔ اچانک امتحان کینسل ہونے سے ذہنی تھکن collapse میں بدل سکتی ہے۔اور motivation loss ہوسکتا ہے ، یہ بھی ذہن میں رہے کہ انتظامیہ کی یہ بے احتیاطی نہ صرف طالب علم بلکہ ان کے پورے خاندان کو شدید مایوسی سے گزار سکتا ہے۔ "

ڈاکٹر سمیر پاریکھ جو Fortis Healthcare میں ڈائریکٹر، ڈیپارٹمنٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ بیہیویورل سائنسز کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں، نے 12 مئی کو India Today کو دیے گئے ایک تبصرے میں کہا کہ نیٹ امتحان کی منسوخی کو طلباء ہرگز اپنی ذاتی ناکامی تصور نہ کریں، کیونکہ امتحان کا منسوخ ہونا اُن کے اختیار سے باہر کا فیصلہ تھا اور اس کا تعلق ان کی محنت یا صلاحیت سے نہیں بلکہ نظام کی شفافیت کو یقینی بنانے سے ہے۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں نوجوان سب سے زیادہ اس غلط فہمی کا شکار ہوتے ہیں کہ شاید ان کی کوشش ضائع ہوگئی، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کی تیاری برقرار رہتی ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ طلباء خود کو الزام دینے کے بجائے اپنے معمولات اور مطالعے کی روانی بحال رکھیں اور ذہنی دباؤ کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیں۔

ایجوکیشنل کاونسلر اور ماہر تعلیم نجم الدین صاحب اس مسئلہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہتے ہیں کہ: " اس طرح کے سنگین اور حساس معاملات کو سماج خاموشی سے انگیز کر رہا ہے کہیں سے کوئی بے چینی اور شدید رد عمل کا اظہار ہوتا نظر نہیں آتا۔  2024 میں بھی اسی طرح کے جرم کا پردہ فاش ہونے پر طلباء برادری میں کہرام کی کیفیت پیدا ہوئی چند روز بریکنگ نیوز کا ماحول رہا سرکار کی طرف سے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کی گئی اور یہ کہتے ہوئے کہ  NEET کو دوبارہ لینے سے انکار کیا اس لیے کہ جرم کا دائرہ  اثر بہت محدود طلباء تک تھا اور پھر اس معاملے میں ملوث مجرمین کا کیا ہوا؟ کوئی نہیں جانتا کہ انہیں کیا سزا ملی؟ اور اصل سرغنوں کی گردن نہ دبوچنے کے  مجرمانہ رویے نے ہمیشہ اس چکر کو زندہ رکھا ہے۔ PARTY  WITH DIFFERENCE کا دعوی کرنے والوں‌ کی ریاستوں میں 2019 سے 2026 تک اس طرح کے 65 واقعات ہوئے ہیں۔  NEET 2024 کے واقعے کے بعد سرکار نے NEET امتحان میں اصلاحات کی  خاطر رادھا کرشنن کمیٹی تشکیل دی تھی۔ ایک سال بعد 2025 میں رپورٹ سبمٹ ہوئی جس میں کوئی ٹھوس اصلاحات پر عملدر آمد صفر رہا ، نتیجتاً ایک سال بعد پھر اسی طرح کے  شرمناک واقعے سے ملک گزر رہا ہے۔

نجم الدین صاحب اگے کہتے ہیں کہ " اگر امتحانات کے  انعقاد کے انتظامات چاق وچوبند ہوں ، مجرمین کی فوری گرفت اور سخت سزاؤں پر عمل درامد ہو ، JEE کی طرح NEET کو بھی کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ(CBT )کے طرز پر منعقد کیا جائے. اسکول کے زمانے سے ہی طلبہ میں اس طرح کی برائیوں سے دور رہنے کی تربیت ہو تو بہتر نتائج کے امکانات ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی افسوسناک حقیقت ہے کہ ہمارے تعلیمی ادارے طلبہ کو انسان سے زیادہ رول نمبر سمجھنے لگے ہیں۔ امتحانات کے بعد ادارے صرف قانونی کارروائیوں، تفتیشی کمیٹیوں اور نئے شیڈول کے اعلانات تک محدود رہتے ہیں، جبکہ طلبہ کی ذہنی صحت، ان کے اعتماد اور ان کے جذباتی بحران پر شاید ہی کبھی سنجیدگی سے گفتگو کی جاتی ہو۔ کسی بھی بڑے امتحانی بحران کے بعد Counseling، Psychological Support اور Emotional Rehabilitation جیسی اصطلاحات ہمارے تعلیمی بیانیے سے تقریباً غائب رہتی ہیں۔

یہ پورا واقعہ اس حقیقت کو بھی واضح کرتا ہے کہ تعلیمی نظام کے گرد ایک منظم مافیا پروان چڑھ رہا ہے۔ کوچنگ انڈسٹری، غیر قانونی نیٹ ورکس، پیسے کے زور پر کامیابی خریدنے کی ذہنیت اور اثرورسوخ کی سیاست نے تعلیم کے مقدس تصور کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ کچھ عناصر کے لئے سوالیہ پرچے صرف کاروبار کا ذریعہ بن چکے ہیں۔ انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کے اس جرم کی وجہ سے لاکھوں طلبہ کا اعتماد ٹوٹ رہا ہے۔ یہ لوگ صرف سوالیہ پرچے نہیں بیچتے بلکہ نوجوان نسل کے خواب فروخت کرتے ہیں۔

سب سے زیادہ خطرناک پہلو یہ ہے کہ اس طرح کے واقعات میرٹ کے تصور کو مجروح کردیتے ہیں۔ ایک محنتی طالب علم جب دیکھتا ہے کہ کچھ لوگ غیر قانونی ذرائع سے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو اس کے دل میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر محنت کی قدر کہاں باقی رہ گئی ہے؟ اگر کامیابی خریدی جاسکتی ہے تو پھر دیانت داری، محنت اور اصولوں کی کیا اہمیت رہ جاتی ہے؟ یہ احساس نوجوان نسل کو مایوسی، بے اعتمادی اور فکری انتشار کی طرف لے جاتا ہے۔ جب ایک قوم کی نوجوان نسل اپنے تعلیمی نظام پر اعتماد کھو دیتی ہے تو دراصل وہ قوم اپنے مستقبل پر اعتماد کھونے لگتی ہے۔

یہ بھی قابل غور ہے کہ NEET جیسے امتحانات میں مقابلہ پہلے ہی غیر معمولی حد تک سخت ہوچکا ہے۔ لاکھوں طلبہ چند ہزار نشستوں کے لئے جدوجہد کرتے ہیں۔ اس صورتحال نے کوچنگ انڈسٹری کو بے پناہ طاقت دے دی ہے۔ آج تعلیمی اداروں سے زیادہ کوچنگ سینٹر نوجوانوں کی ذہنی ساخت پر اثر انداز ہورہے ہیں۔ کامیابی کو اس قدر محدود تعریف میں قید کردیا گیا ہے کہ اگر کوئی طالب علم ڈاکٹر یا انجینئر نہ بن سکے تو اسے ناکام سمجھ لیا جاتا ہے۔ یہی سوچ نوجوانوں کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کرتی ہے۔ پھر جب امتحانی نظام بھی مشکوک ہوجائے تو صورتحال مزید سنگین بن جاتی ہے۔

یہ بحران صرف امتحانی سیکورٹی کا مسئلہ نہیں بلکہ ہمارے پورے تعلیمی فلسفے پر سوالیہ نشان ہے۔ ہم نے تعلیم کو کردار سازی کے بجائے صرف Career Building کا ذریعہ بنادیا ہے۔ ہم بچوں کو انسان بنانے کے بجائے صرف مقابلے کی مشینیں بنانے میں مصروف ہوگئے ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ جہاں طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، وہیں معاشرہ بھی دیانت، اصول اور اخلاقیات سے دور ہوتا جارہا ہے۔

حکومت اور متعلقہ اداروں کے لئے یہ لمحۂ فکریہ ہے۔ صرف امتحان منسوخ کردینا یا دوبارہ امتحان لینا مسئلے کا مستقل حل نہیں ہوسکتا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پورے امتحانی نظام کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔ سوالیہ پرچوں کی تیاری سے لے کر تقسیم تک ہر مرحلے میں جدید ٹیکنالوجی، سخت نگرانی اور مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ Digital Encryption، Artificial Intelligence Monitoring اور Blockchain Based Security Systems جیسے جدید ذرائع استعمال کئے جائیں تاکہ سوالیہ پرچوں کی حفاظت کو ناقابلِ تسخیر بنایا جاسکے۔

اس کے ساتھ ساتھ جوابدہی (Accountability) کا مضبوط نظام بھی قائم کرنا ہوگا۔ صرف چھوٹے ایجنٹوں کی گرفتاری سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ اصل کرداروں، نیٹ ورکس اور ان عناصر تک پہنچنا ہوگا جو اس پورے کھیل کے پیچھے موجود ہیں۔ ایسے جرائم کو عام بدعنوانی نہیں بلکہ قومی جرم سمجھا جانا چاہئے، کیونکہ یہ جرم صرف قانون کی خلاف ورزی نہیں بلکہ لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل پر حملہ ہے۔

طلبہ کے لئے نفسیاتی مدد کے نظام قائم کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امتحانی بحران کے بعد Counseling Centers، Mental Health Helplines اور Emotional Support Programs کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔ نوجوانوں کو یہ احساس دلانا ضروری ہے کہ ان کی زندگی صرف ایک امتحان سے بڑی ہے اور ان کی شخصیت کا تعین صرف نمبروں سے نہیں ہوتا۔

معاشرے کو بھی اپنی سوچ بدلنی ہوگی۔ ہمیں اپنے بچوں پر کامیابی کے غیر انسانی بوجھ ڈالنے کے بجائے ان کی صلاحیتوں، رجحانات اور ذہنی سکون کو اہمیت دینی ہوگی۔ ہر بچہ ڈاکٹر یا انجینئر نہیں بن سکتا، اور نہ ہی کامیابی کی واحد تعریف یہی ہے۔ جب تک ہم کامیابی کے تصور کو محدود رکھیں گے، تب تک مقابلہ، دباؤ اور غیر اخلاقی ذرائع کا دائرہ بڑھتا رہے گا۔

میڈیا کا کردار بھی اس موقع پر نہایت اہم ہوجاتا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اکثر تعلیمی بحران صرف چند دن کی Breaking News بن کر رہ جاتے ہیں۔ چیختی ہوئی سرخیاں تو نظر آتی ہیں لیکن ان لاکھوں طلبہ کے خاموش آنسو نظر نہیں آتے جو اس نظام کی ناکامیوں کی قیمت ادا کررہے ہوتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ میڈیا اس موضوع پر سنجیدہ عوامی مکالمہ پیدا کرے، تعلیمی اصلاحات پر مسلسل بحث کرے اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کو قومی ترجیح کے طور پر پیش کرے۔ حکومت نے لازماً طلباء کے لیے نفسیاتی کاؤنسلینگ کا نظم کرنا چاہیے ۔ 

۔NEET UG 2026 کا یہ واقعہ دراصل ایک آئینہ ہے جس میں ہندوستانی تعلیمی نظام اپنی تمام کمزوریوں کے ساتھ دکھائی دے رہا ہے۔ یہ صرف سوالیہ پرچے کے لیک ہونے کا معاملہ نہیں بلکہ اعتماد کے لیک ہونے کا سانحہ ہے۔ یہ صرف امتحان کی منسوخی نہیں بلکہ نوجوان نسل کے سکون، یقین اور امید کے مجروح ہونے کا المیہ ہے۔

کوئی ملک صرف سڑکوں، عمارتوں اور معاشی ترقی سے مضبوط نہیں ہوتا بلکہ انصاف پر مبنی تعلیمی نظام اُس ملک کی مضبوط بنیاد ہوتی ہے۔ اگر ایک طالب علم کو یہ یقین نہ رہے کہ اس کی محنت محفوظ ہے، اس کے خواب محفوظ ہیں اور اس کا مستقبل میرٹ کے اصول پر طے ہوگا، تو پھر قوم کی بنیادیں کمزور ہونے لگتی ہیں۔

آج ضرورت صرف نئے امتحان کی تاریخ دینے کی نہیں بلکہ نئے اعتماد کی تعمیر کی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تعلیمی نظام کو انسان دوست، شفاف اور انصاف پر مبنی بنایا جائے۔ ایسا نظام جہاں سوالیہ پرچے محفوظ ہوں، محنت کا احترام ہو، نوجوانوں کی ذہنی صحت اہم ہو اور کامیابی کا معیار صرف نمبر نہیں بلکہ کردار، صلاحیت اور دیانت بھی ہو۔

اگر اس واقعہ کے بعد بھی ہم نے سنجیدہ اصلاحات نہ کیں تو شاید آنے والے برسوں میں امتحانات تو ہوتے رہیں گے، نتائج بھی آتے رہیں گے، لیکن نوجوان نسل کے دلوں میں اعتماد، امید اور انصاف کا جو چراغ بجھ رہا ہے، اسے دوبارہ روشن کرنا بہت مشکل ہوجائے گا۔

▪️▪️▪️



غیر جانبدار اور آزاد صحافت کا ساتھ دیں!


نوکِ قلم نیوز ایک آزاد صحافتی ادارہ ہے جو غیر جانبدار صحافت کا علم بلند کیے ہوئے ہے۔ نازیبا اشتہارات سے اجتناب کرتے ہوئے گوگل اشتہارات بند کر دیے گئے ہیں۔ اب یہ سفر آپ کے تعاون کا محتاج ہے۔ خصوصاً قلم کار حضرات سے گزارش ہے کہ ہفتہ وار یا ماہانہ مالی تعاون کے ذریعے اس مشن کو جاری رکھنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ شکریہ!