مضامین
کریری بارہمولہ میں ہم سخن کشمیر کی تنظیم نو، ادبی کانفرنس کا فیصلہ

ہم سخن کلچرل اینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کشمیر کے عہدیداران کا انتخاب،عظیم الشان ادبی کانفرنس اور حسینی مشاعرہ منعقد کرنے کا فیصلہ۔ کریری،بارہمولہ،5 جون: ہم سخن کلچرل اینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کشمیر کے صدر دفتر زرگر کمپلکس کریری میں آج تنظیم کے اراکین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تنظیمی امور،ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ،عوامی فلاح و بہبود اور تنظیم کے مستقبل کے لائحۂ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر تنظیم کو مزید مستحکم،فعال اور عوامی سطح پر مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقعہ پر آرگنائزیشن کی تنظیم نو کےلئے عہدہ داران کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا۔ اجلاس میں قومی سطح کے ممتاز شاعر و ادیب تنہا نظامی کو سرپرستِ اعلیٰ،معروف شاعر،ادیب اور نعت خواں نادم بخاری کو صدر،معروف شاعر اور افسانہ نگار شوکت ہاشمی کو نائب صدر،معروف جواں سال شاعر،ادیب اور مصور ڈاکٹر ریاض ربانی کشمیری کو جنرل سیکریٹری،جواں سال شاعر یوسف جمیل کو سیکریٹری،صوفی شاعر الطاف حسین ملک کو آرگنائزر،معروف شاعر محمد اکرم کو میڈیا سیکریٹری،معروف شاعر محی الدین دلاور کو خزانچی اور غلام محمد میر صاحب کو لائبریرین منتخب کیا گیا۔ اسی طرح قومی سطح کے شاعر،ادیب اور نقاد رنجور تلگامی صاحب اور بزرگ مزاحیہ شاعر اور استاد غلام قادر شاد دردپوری صاحب کو تنظیم کے ایڈوائزرز منتخب کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم سخن کلچرل اینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کشمیر ادب،ثقافت،تعلیم،سماجی خدمت اور نوجوان نسل کی مثبت رہنمائی کے میدان میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم ریاست بھر کے شعراء،ادباء،فنکاروں،محققین اور اہلِ قلم کو ایک مؤثر اور فعال پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔ اجلاس میں تنظیم کی ادبی،ثقافتی اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے،نوجوان قلمکاروں اور تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کرنے اور معاشرے میں مثبت ادبی و ثقافتی رجحانات کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔ اس موقع پر متفقہ طور پر یہ فیصلہ بھی لیا گیا کہ مستقبل قریب میں ایک عظیم الشان اور تاریخی ادبی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے نامور شعراء،ادباء،محققین، دانشوروں اور ثقافتی شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔کانفرنس کا مقصد ادب و ثقافت کے فروغ،فکری مکالمے کی ترویج اور نئی نسل کو اپنی ادبی و تہذیبی روایات سے روشناس کرانا ہوگا۔مزید برآں اجلاس میں ماہِ محرم الحرام کی مناسبت سے ایک "حسینی مشاعرہ" منعقد کرنے کا بھی متفقہ فیصلہ لیا گیا۔مقررین نے کہا کہ واقعۂ کربلا حق، صداقت،ایثار،صبر اور انسانیت کے اعلیٰ اقدار کی علامت ہے،اور حسینی مشاعرے کے ذریعے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی عظیم تعلیمات کو عام کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی گئی اور تنظیم کی ترقی،کامیابی اور عوامی خدمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم سخن کلچرل اینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کشمیر اپنے اغراض و مقاصد کے حصول کے لیے خلوص،اتحاد اور بھرپور جذبے کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔