ہندوستان
ملک گیر تحریک کا اعلان

مسلم پرسنل لا بورڈ کا آئین اور شریعت کے تحفظ کے لیے ملک گیر تحریک کا اعلان نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے آئینِ ہند اور شریعت کے تحفظ کے لیے ملک گیر عوامی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ کے مطابق اس تحریک کے تحت ملک کے بڑے شہروں میں عوامی اجلاس، احتجاجی پروگرام اور آگاہی مہمات منعقد کی جائیں گی۔ بورڈ نے کہا کہ ’’تحفظِ آئین و شریعت تحریک‘‘ کا مقصد آئینی حقوق، جمہوریت، قانون کی بالادستی، مذہبی آزادی اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ مسلم پرسنل لا بورڈ نے مبینہ امتیازی سلوک اور آئینی و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق ایک وائٹ پیپر تیار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جسے میڈیا، انسانی حقوق کی تنظیموں، دانشوروں، منتخب نمائندوں اور دیگر اداروں تک پہنچایا جائے گا۔ بورڈ کے مطابق مختلف شہروں میں ہونے والے اجلاسوں میں مذہبی رہنماؤں، دانشوروں، سماجی و سیاسی شخصیات اور مختلف مذاہب کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ نئی دہلی میں احتجاجی پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا۔ بورڈ نے واضح کیا کہ یہ تحریک صرف مسلمانوں تک محدود نہیں بلکہ اسے آئین، جمہوریت، مذہبی آزادی، انسانی وقار، قومی اتحاد، امن اور بھائی چارے کے تحفظ کی مشترکہ جدوجہد قرار دیا ہے۔ بورڈ نے ہجومی تشدد، بلڈوزر کارروائیوں، مساجد و مدارس اور مزارات کو مبینہ طور پر نشانہ بنائے جانے، وقف املاک اور قبرستانوں پر مبینہ قبضوں، مسلم نوجوانوں کی گرفتاریوں اور مذہبی آزادی میں مداخلت سمیت متعدد معاملات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی یکساں سول کوڈ کے ذریعے مسلم پرسنل لا کو متاثر کرنے کی مبینہ کوششوں پر بھی اعتراض کیا۔