Ad
تبصرہ کُتب

محمد مصطفیٰ ، ہمارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم

تبصرہ کتاب

مولفین: مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ، ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع (ماہر نفسیات)  

صفحات: ٦٤، سائز: پاکٹ سائز ، ، قیمت: ٥٠ روپے ، ایڈیشن: پہلا ایڈیشن اگست ٢٠٢٥

ناشر: انسٹی ٹیوٹ آف عربک اسٹڈیز ، حیدرآباد تلنگانہ 

مبصر: ڈاکٹر شبیر احمد پرے بارہمولہ کشمیر


سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ ایک ایسا بحرِ بیکراں ہے جس کی گہرائیوں میں غوطہ زن ہونے والا ہر بار نئے موتی لے کر ابھرتا ہے۔ چودہ صدیاں گزر جانے کے باوجود اس موضوع کی تازگی اور معنویت میں ذرّہ بھر کمی نہیں آئی، بلکہ جوں جوں زمانہ گزرتا ہے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کی ضرورت اور اہمیت مزید نکھرتی اور روشن ہوتی جاتی ہے۔

زیرِ نظر کتابچہ "محمد مصطفیٰ — ہمارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم" دو ایسے اصحابِ علم کی مشترکہ کاوش ہے جن کا تعلق دو مختلف، مگر ایک دوسرے کے مکمّل، علمی میدانوں سے ہے۔ ایک طرف مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ہیں جن کی دینی بصیرت، فقہی پختگی اور ندوی روایت کی گہری چھاپ اس کتابچے کو علمِ دین کی روشنی سے منوّر کرتی ہے۔ دوسری طرف ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع ہیں جو ماہرِ نفسیات کی حیثیت سے سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو جدید انسانی ذہن اور نفسیاتی ضروریات کے تناظر میں پیش کرتے ہیں۔ یہ دونوں زاویے مل کر ایک ایسا مکمّل تصویر بناتے ہیں جو قاری کے قلب و ذہن دونوں کو یکساں متأثر کرتی ہے۔ 

سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر اردو زبان میں لکھی گئی کتب کا ایک وسیع ذخیرہ موجود ہے، اسی ذخیرے کی ایک آبجو یہ کتابچہ ہے۔ اس کتابچے کا عملی جامہ مدینہ منورہ کی پرکیف و پر عظمت شہر میں، عمل میں آیا، مولفین کے مطابق یہ کتابچہ پچھلے چھ سال سے ذہنی خاکہ بن کر تیار تھا لیکن اللہ کی حکمت دیکھیں کہ شافع محشر کے مبارک تذکرے کی تکمیل مقدس شہر میں ہوئی ، جسے دونوں حضرات کی محبت اور خلوص نیت کی طرف واضح اشارہ ملتا ہے ۔

مؤلفین نے نہایت سادہ، عام فہم اور دلنشین اسلوب اختیار کیا ہے۔ اس میں مشہور و معروف سیرت نگار علامہ شبلی نعمانی اور قاضی محمد سلیمان منصور پوری کی کتابوں سے بھی اقتباسات نقل کئے گئے ہیں ، اس کے ساتھ مؤلف مفتی محمد آصف الدین ندوی کی کتاب "آسان سیرت النبی" سے بھی بعض باتیں نقل کی گئی ہیں ۔ اس کے علاوہ جدول (ٹیبل فارم table form) میں چارٹ(chart) بناکر سیرت النبی کے بعض اہم گوشوں کو آسان انداز میں پیش کیا گیا ہے جیسے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات کی تفصیل (نام، نکاح کے وقت عمر، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں رہنے کی مدت)، آپ کی اولاد کی تفصیل ( ترتیب وار مع ولادت و وفات عمر) ، محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کے داماد ، عشرہ مبشرہ کے نام، غزوات و سرایا کا چارٹ ( کتنے مسلمان اورمشرکین گرفتار ہوئے ، زخمی یا مقتول ہویے ۔)اس پر رحمت عالم کے حوالے سے یہ تاریخی گواہی " یہ کیا عجیب بات ہے کہ ایک فوج کا جرنیل جس نے مسلسل نو برس لڑائیوں میں گذارے اور جس نے کبھی لڑائی کے میدان سے منہ نہیں موڑا ، اس نے اپنے دشمن پر کبھی تلوار نہیں اٹھائی، اور نہ کبھی اپنے ہاتھ سے وار کیا" ۔۔۔واقعی،  یہ کسی معجزے سے کم نہیں۔ 

اس کے علاوہ اس کتابچے میں محبت رسول کے حوالے سے دو حدیثیں اور ان کی تشریح ، محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کی محبوب سنتیں ، حجتہ الوداع کے پیغام، محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کی صبح وشام کی تفصیل ترتیب وار بیان کی گئی ہیں۔ چالیس مختصر احادیث اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبوب دعائیں بھی شامل ہیں۔ 

بے شک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق لکھنا، ان کی سیرت بیان کرنا ، ان کی زندگی کے خوبصورت گوشوں کو بیان کرنے کے بعد جو نتیجہ نکلتا ہے وہ کسی شاعر نے اس طرح بیان کیا ہے ؀

ذکر ترا اتنا کیا ہم نے 

قابل ذکر ہوگئے ہم بھی 

کتاب کی پروف ریڈنگ قابل ذکر ہے ، صفحات بھی دیدہ زیب اور خوبصورت اور آرٹ پیپر پرہے، البتہ صفحہ نمبر ٣١ پر دس صحابہ کرام کو جنت کی خوش خبری میں "جنتی کی جگہ جنبی" ہوا ہے، اس کی تصحیح کی ضرورت ہے۔ 

خلاصہ یہ کہ "محمد مصطفیٰ — ہمارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم" ایک قابلِ قدر، جامع اور موزوں علمی کاوش ہے۔ اللہ تعالیٰ مؤلفین کی اس کاوش کو قبول فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور اس کتابچے کو امّتِ مسلمہ کے لیے سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے قربت کا ذریعہ بنائے۔

صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَعَلٰى آلِهِ وَصَحْبِهِ وَسَلَّمَ

تبصرہ نگار کی جانب سے دعا ہے کہ یہ کاوش دنیا و آخرت میں باعثِ خیر و برکت ہو آمین ثم آمین



غیر جانبدار اور آزاد صحافت کا ساتھ دیں!


نوکِ قلم نیوز ایک آزاد صحافتی ادارہ ہے جو غیر جانبدار صحافت کا علم بلند کیے ہوئے ہے۔ نازیبا اشتہارات سے اجتناب کرتے ہوئے گوگل اشتہارات بند کر دیے گئے ہیں۔ اب یہ سفر آپ کے تعاون کا محتاج ہے۔ خصوصاً قلم کار حضرات سے گزارش ہے کہ ہفتہ وار یا ماہانہ مالی تعاون کے ذریعے اس مشن کو جاری رکھنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ شکریہ!