Ad
سفر نامہ

الوداع اے حرمِ پاک! سفرِ محمود آخری قسط

✍️ :. ​عبدالرشید سرشارؔ


الوداع اے حرمِ پاک! اور واپسی کا پُرملال سفر

​حرمِ مکی میں فجر کی نماز ادا کی ۔ اب وہ گھڑی آ پہنچی تھی جس کا تصور ہی دل کو لرزا دیتا ہے رخصت کی گھڑی!

 جب ہم بابِ ملک عبدالعزیز کی جانب بڑھے تو قدم جیسے من من بھر کے ہو گئے تھے۔ دل آگے بڑھنے سے انکاری تھا، چند قدم آگے چلتے، پھر بے ساختہ پلٹ کر بیت اللہ شریف کا دیدار کرتے، پھر تھوڑا آگے بڑھتے اور پھر اشکبار آنکھوں سے کعبۃ اللہ کو تکنے لگتے۔ دل کی یہ کیفیات لفظوں میں نہیں سما سکتیں، نگاہیں تشنہ تھیں اور روح بیت اللہ کی فضا سے جدا ہونے پر نوحہ کناں تھی۔ یوں بلکتے اور مڑ مڑ کر دیکھتے ہوئے ہم نے حرمِ پاک کو الوداع کہا۔

​ہوٹل پہنچ کر میں نے روزمرہ کے چھوٹے موٹے کام نبھائے۔ افغان نانبائی کی دکان سے گرم روٹیاں لایا، دودھ کا انتظام کیا اور اپنے معزز ساتھیوں کے لیے گرم گرم چائے تیار کر کے انہیں پیش کی۔ ناشتے کے بعد ضروری سامان تھیلوں میں سمیٹ لیا گیا۔ ہوٹل کے کمروں کی صفائی پر مامور بجنور (اتر پردیش) کے نیک دل خادم سے گلے مل کر رخصت لی، اور اس یادگار رفاقت کو محفوظ کرنے کے لیے کمرے میں تمام ساتھیوں کے ساتھ ایک الوداعی گروپ تصویر کھینچی۔ بارہ بجے ہم ظہر کی نماز کی ادائیگی کے لیے جامع بن محفوظ تشریف لے گئے۔ جن مقامی دکانداروں سے پچاس دنوں کے دوران شناسائی ہو چکی تھی اور جن کی دکانیں اس وقت کھلی تھیں، ان سے بھی سلام و دعا کر کے رخصت چاہی۔ ہوٹل میں اب صرف ناگپور مہاراشٹر کے فہیم بھائی اور ان کی اہلیہ باقی رہ گئے تھے۔

​دوپہر دو بجے ہوٹل کے باہر گاڑیاں آن کھڑی ہوئیں۔ ہمارے پاسپورٹ ہمارے سپرد کیے گئے اور ہم نہایت افسردہ اور بوجھل قدموں کے ساتھ جدہ کے لیے روانہ ہو گئے۔ ماضی کے برعکس یہ سفر ہم نے دن کے اجالے میں طے کیا۔ تاحدِ نگاہ پھیلا ریگستان، بیچ میں جا بجا چھوٹے نخلستان، اونٹوں کی قطاریں، اور سبزہ جھاڑیوں کے پتے چرتی بھیڑ بکریاں، یہ تمام قدرتی مناظر دل کو موہ لینے والے تھے، مگر فراقِ حرم کا ملال اتنا گہرا تھا کہ کوئی بھی دلکش نظارہ دل کی اداسی کم نہ کر سکا۔

​عصر کے وقت ہم جدہ ایئرپورٹ پہنچے جہاں عصر اور مغرب کی نمازیں باجماعت ادا کیں۔ افریقہ میں پھیلے کسی وائرس کے پیشِ نظر ہمیں اپنی صحت کی حالت کے متعلق فارم پر کرنے کے لیے دیے گئے۔ ایئرپورٹ کے اصول کے مطابق ہر مسافر کے لیے صرف سات کلو گرام کا ہینڈ بیگ ساتھ لے جانے کی اجازت تھی۔ ایئرپورٹ کی طویل راہداریوں پر چلتے ہوئے آگے ایک کاؤنٹر پر قرآنِ مجید کے  نسخے تقسیم ہو رہے تھے۔ میں نے اپنا کور نمبر دکھایا اور برصغیر کے  رسم الخط کے مطابق دیکھ بھال کر قرآنِ پاک کے تین  نسخے حاصل کیے۔ وہیں ایک حاجی صاحب کو دیکھا جو اپنے ساتھی پر برس رہے تھے کہ وزن زیادہ ہونے کے باوجود تم نے قرآنِ مجید کے نسخے کیوں لیے! ایئرپورٹ کے سخت احکامات کے باعث میں نے بھی خلافِ معمول کسی کا سامان اٹھانے کا خطرہ مول نہ لیا، کیونکہ اگر کسی اور کا وزن اٹھاتا تو اپنا سامان چھوڑنا پڑتا۔

​کسٹم کاؤنٹر پر افراتفری کا عالم تھا۔ ایک حاجی صاحب عرب نیشنل بینک کے سات بڑے چھاتے ٹیپ سے باندھ کر لائے تھے، کسٹم حکام نے وہ سارے چھاتے ضبط کر لیے۔ کسی کے بیگ سے عجوہ کھجوریں نکالی جا رہی تھیں تو کسی کے ملبوسات، لوگ وزن کی حد پوری کرنے کے لیے قیمتی سامان اور اعلیٰ قسم کے مصلےٰ (جائے نمازیں) چھوڑنے پر مجبور تھے۔ میرے پاس ایک ایک لیٹر زمزم کی دو بوتلیں تھیں، چونکہ سامان میں رعایت نہیں تھی اس لیے میں نے ادب و احترام کے ساتھ آبِ زمزم کو ایک پاک جگہ پر بہا دیا۔ شام کا کھانا دیا گیا، مگر دل کی اداسی کے باعث چند لقمے زہر مار کر کے حلق سے نیچے اتارے۔

​مقررہ وقت پر اکاسا ایئرلائنز کا جہاز رن وے پر پہنچا۔ پاسپورٹ پر خروج (ایگزٹ) کی مہریں ثبت ہوئیں اور ہم جہاز میں سوار ہو گئے۔ مغربی انداز کے نیم برہنہ لباس میں ملبوس ایئر ہوسٹسز پیشہ ورانہ مسکراہٹ کے ساتھ استقبال کر رہی تھیں، اور ہمارے حجاجِ کرام جھکی نگاہوں سے شرم محسوس کر رہے تھے۔ کاش! اس عظیم الشان مذہبی فریضے کی لاج رکھتے ہوئے ایئرلائن انتظامیہ حجاج کے مذہبی جذبات اور تقدس کا کچھ تو لحاظ رکھتی۔

​ہماری اصل منزل سرینگر (جموں و کشمیر) تھی، لیکن صبح سات بجے ہمارا جہاز احمد آباد (گجرات) کے ہوائی اڈے پر اتارا گیا گیا۔ وہاں کا موسم سعودی عرب کی طرح سخت گرم تھا اور  حبس نے سخت بے چین کیا۔ عملہ ابھی ڈیوٹی پر آ ہی رہا تھا۔ ہمیں دوبارہ طویل قطاروں میں کھڑا کیا گیا۔ جدہ سے بھروائے گئے ایبولا وائرس کے فارم یہاں وصول کیے گئے، بائیو میٹرک شناخت ہوئی اور پاسپورٹ پر داخلے کی مہریں لگیں۔ جدہ ایئرپورٹ پر واقعی ہم ضیوف الرحمن (اللہ کے مہمان) تھے اور انہوں نے مہمان نوازی کا حق ادا کیا تھا، لیکن اپنے ملک پہنچ کر ہم مہمان کے درجے سے فارغ ہوئے تھے۔جہاز سے اتارا گیا سامان خود حجاج کو اونٹ گھوڑوں کی طرح اٹھا کر دوبارہ انہی حکام کے حوالے کرنا پڑا، جس کا کوئی معقول جواز نہ تھا۔

​صبح دس بجے، بغیر چائے اور ناشتے کے، محض پانی کے چند گھونٹ پی کر ہم ایک اور طویل قطار میں کھڑے ہو گئے۔ بوڑھے، ضعیف خواتین اور بیمار مسافر سبھی اپنے ہینڈ بیگ سنبھالے رینگتی ہوئی قطار میں کھڑے رہے۔ ساڑھے دس بجے ہم سرینگر کے لیے دوسرے جہاز میں سوار ہوئے۔

​دوپہر ٹھیک بارہ بجے ہمارا جہاز شیخ العالم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سرینگر پر اتر گیا۔ باہر جم کر مینہ برس  رہا تھا۔ احمد آباد کی تپش کے بعد یہاں کا موسم اگرچہ نہایت خوشگوار تھا، لیکن بادلوں کو برستا دیکھ کر یوں لگا جیسے سرزمینِ کشمیر بھی کعبۃ اللہ سے ہماری جدائی کے غم میں آنسو بہا رہی ہو اور حزن و ملال میں بادلوں کی آنکھوں سے موتی ٹپک رہے ہوں۔ سامان کی وصولی کے لیے ایک گھنٹہ انتظار کرنا پڑا، کسی کا سارا سامان مل گیا، کسی کو صرف کھجوروں کا مخصوص پیکٹ ملا، اور کئی خوبصورت ٹرالی بیگز کٹی پھٹی اور بدحال حالت میں برآمد ہوئے۔ باقی ماندہ سامان حاصل کرنے کے لیے بعد میں ایک ہفتے بعد حج ہاؤس جانا پڑا۔

​ایئرپورٹ کے باہر میرے دو لختِ جگر اپنے ماموں کے ساتھ استقبال کے لیے منتظر کھڑے تھے۔ پچاس دن جن مخلص ساتھیوں کے ساتھ زندگی کے مقدس ترین اور انمول لمحات گزارے تھے، اب ان سے بچھڑتے ہوئے دل خون کے آنسو رو رہا تھا۔ رنجیدہ دل کے ساتھ ان رفقاء سے اجازت لی اور گاڑی میں سوار ہو گئے۔ وادی کا موسم حجاز کے تپتے صحرا کے مقابلے میں بے حد سہانا تھا، آسمان پر سفید اور سیاہ بادلوں کا بسیرا تھا، راستے میں کسان دھان کی پنیری لگانے اور کھیتوں کے کاموں میں مصروف تھے، مگر دل تھا کہ بار بار حجازِ مقدس کی ان ہی تپتی اور بابرکت گلیوں کی یاد میں تڑپ رہا تھا۔

​بارہ جون دو ہزار چھبیس، جمعہ کا مبارک دن تھا۔ راستے میں ہم نے قصر نماز ادا کی، مغرب کی نماز اپنے گاؤں کی جامع مسجد میں ذوق و شوق سے پڑھی اور نماز کے بعد خیریت کے ساتھ اپنے گھر کی دہلیز پر قدم رکھا۔

​دعا ہے کہ اللہ رب العزت ہماری اس ناچیز حاضری اور جملہ عبادات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان عبادات کی باطنی روح کے مطابق ہماری زندگیوں اور مستقبل کو سنوارے، اور ہمیں بار بار حرمین شریفین کی باادب حاضری کی سعادت بخشے۔ صحت و تندرستی عطا فرمائے اور اس سفر میں وقتاً فوقتاً جن مخلص احباب نے ہمارا ساتھ دیا، اللہ ان سب کو دارین میں بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین!

​اس سارے سفر اور واپسی کی کیفیت پر مولانا رومؒ کے یہ لازوال اشعار دل کی دھڑکن بن کر گونجتے ہیں:

​ای قومِ به حج رفته، کجایید کجایید؟

معشوق همین جاست، بیایید بیایید

معشوقِ تو همسایه و دیوار به دیوار

در بادیه سرگشته، شما در چه هوایید؟

​عبدالرشید سرشارؔ

حالسیڈار، ویری ناگ

7006146071



غیر جانبدار اور آزاد صحافت کا ساتھ دیں!


نوکِ قلم نیوز ایک آزاد صحافتی ادارہ ہے جو غیر جانبدار صحافت کا علم بلند کیے ہوئے ہے۔ نازیبا اشتہارات سے اجتناب کرتے ہوئے گوگل اشتہارات بند کر دیے گئے ہیں۔ اب یہ سفر آپ کے تعاون کا محتاج ہے۔ خصوصاً قلم کار حضرات سے گزارش ہے کہ ہفتہ وار یا ماہانہ مالی تعاون کے ذریعے اس مشن کو جاری رکھنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ شکریہ!